پاکستان کی مایہ ناز خاتون کوہ پیما ثمینہ بیگ نے عالمی سطح پر ایک اور بڑا اعزاز حاصل کرنے کی جانب اہم قدم بڑھا لیا ہے۔

گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والی ثمینہ بیگ کامیابی کے ساتھ قطبِ جنوبی پہنچ گئی ہیں، جو ایکسپلورر گرینڈ سلیم کی تکمیل کی جانب ایک بڑا سنگِ میل ہے۔ثمینہ بیگ نے یونین گلیشیئر سے اپنے سفر کا آغاز کیا اور نہایت مشکل اور چیلنجنگ اسکیئنگ روٹ اختیار کرتے ہوئے ساؤتھ پول تک رسائی حاصل کی۔ اس حوالے سے ان کے بھائی اور معروف کوہ پیما مرزا علی نے بتایا کہ یہ مرحلہ جسمانی اور ذہنی طور پر انتہائی سخت تھا، تاہم ثمینہ بیگ نے غیر معمولی عزم اور حوصلے کے ساتھ اسے کامیابی سے مکمل کیا۔

مرزا علی کے مطابق قطبِ جنوبی پہنچنے پر ثمینہ بیگ نے پاکستان کا قومی پرچم اور اپنی کمیونٹی کا جھنڈا لہرایا، جس سے نہ صرف پاکستان بلکہ گلگت بلتستان کا نام بھی عالمی سطح پر روشن ہوا۔ثمینہ بیگ کا حتمی ہدف ایکسپلورر گرینڈ سلیم کو مکمل کرنا ہے، جس کے لیے دنیا کے ساتوں براعظموں کی بلند ترین چوٹیاں سر کرنے (سیون سمٹس) کے ساتھ ساتھ قطبِ جنوبی اور قطبِ شمالی تک پہنچنا لازم ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ ثمینہ بیگ پہلے ہی سیون سمٹس کا اعزاز حاصل کرچکی ہیں اور اب اس تاریخی مشن کی تکمیل کے لیے انہیں صرف قطبِ شمالی پہنچنا باقی ہے۔ثمینہ بیگ کی یہ کامیابی پاکستانی خواتین کے لیے حوصلے، عزم اور عالمی سطح پر صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے، جو آنے والی نسلوں کے لیے ایک متاثر کن مثال بن رہی ہے۔

Shares: