سوشل میڈیا پر ایک کمسن بچی طفلکہ فاطفہ گل پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد عوامی سطح پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا اور واقعے کو نہایت افسوسناک اور دل خراش قرار دیا گیا۔

ترجمان پولیس کے مطابق افسران بالا کی ہدایت پر پشاور پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ویڈیو میں ملوث خاتون کا سراغ لگا لیا۔ایس ایچ او تھانہ شاہ پور عمران خان نے تفتیشی طریقہ کار اور علاقائی معلومات کی بنیاد پر خاتون مسماۃ (ص) زوجہ عدنان کا سراغ لگا لیا جو کہ شاہ پور کے علاقے وڈپگہ میں والد کے گھر میں رہائش پذیر ہے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ویڈیو میں بچی پر تشدد کرنے والی خاتون دراصل بچی کی سگی والدہ ہے۔ملوث خاتون نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے اعتراف کیا کہ ویڈیو اس نے اپنے شوہر عدنان کے گھر واقع ہشتنگری کچی محلہ میں گھریلو ناچاقی کے دوران بنائی تھی۔ خاتون نے مزید بتایا کہ وہ میکے علاقہ شاہ پور آئی ہوئی ہے اور ویڈیو سوشل میڈیا پر اس کی دیورانی نے اپ لوڈ کی۔خاتون نے اپنے کیے پر ندامت کا اظہار کرتے ہوئے پولیس اور عوام سے معافی مانگی اور یقین دہانی کرائی کہ مستقبل میں ایسا کوئی اقدام نہیں دہرایا جائے گا۔

Shares: