گوجرانوالہ(باغی ٹی وی نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی): جونیئر صحافی اخلاق الطیف اپل اور سماجی شخصیت و تاجر رہنما رانا سمیر اشرف نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ مودی سرکار کشمیر میں کی جانے والی دہشت گردی سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان کے خلاف جارحانہ بیان بازی کر رہی ہے، مگر بھارت کی یہ گیدڑ بھبکیاں پاکستان کو کسی صورت مرعوب نہیں کر سکتیں۔ پاکستان ایک مضبوط ایٹمی قوت ہے اور افواج پاکستان دشمن کے کسی بھی قسم کے حملے یا جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
اخلاق اپل نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے تمام عوام اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔ پاکستان کے دفاع اور سلامتی کے لیے پاکستانی عوام کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
رانا سمیر اشرف نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر عائد کیے جانے والے دہشت گردی کے بے بنیاد الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی پاکستان عالمی سطح پر امن، بھائی چارے اور بین المذاہب ہم آہنگی کا مثبت پیغام دیتا ہے، بھارت ایسے نازک موقعوں پر جھوٹے الزامات اور اوچھے ہتھکنڈوں سے پاکستان کی ان مخلصانہ کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کوشش کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت پر خود عالمی سطح پر دہشت گردی میں ملوث ہونے کے سنگین الزامات عائد ہو چکے ہیں۔ کینیڈا کے وزیر اعظم نے اپنی پارلیمنٹ میں واضح طور پر بھارت پر اپنے ملک میں دہشت گردی کرانے کا سنگین الزام لگایا، جبکہ امریکہ، قطر اور دیگر کئی ممالک نے بھی ماضی میں ایسے ہی سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔