کندھ کوٹ(باغی ٹی وی ،نامہ نگار) ڈیوائس مافیا کی جانب سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کی مستحق خواتین سے رقوم کی غیر قانونی کٹوتی کا سلسلہ مسلسل دوسرے روز بھی جاری رہا۔

مقامی ذرائع کے مطابق ضلع انتظامیہ کی مبینہ ملی بھگت سے چلنے والے اس فراڈ میں ڈیوائس ایجنٹس مستحق خواتین کو ان کی قسط کی پوری رقم دینے کے بجائے 1000 سے 1500 روپے تک غیر قانونی طور پر کاٹ رہے ہیں۔

مقامی خواتین کا کہنا ہے کہ انہیں پروگرام کے تحت ملنے والی رقم میں سے غیر قانونی کٹوتی کی جا رہی ہے اور اس کا کوئی سدباب نہیں کیا جا رہا۔ ایک متاثرہ خاتون نے بتایا کہ "ہم غریب لوگ ہیں، یہ پیسہ ہمارے لیے بہت اہم ہے، لیکن ایجنٹس ہماری قسطوں میں سے کٹوتی کر کے خود فائدہ اٹھا رہے ہیں۔”

مقامی لوگوں نے الزام عائد کیا ہے کہ اس فراڈ میں ضلع انتظامیہ کے چند اہلکار بھی شامل ہیں، جو ان بدعنوانیوں پر خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ اس غیر قانونی عمل کی وجہ سے مستحقین کو ان کے جائز حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔

عوامی حلقوں کی جانب سے حکام بالا سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لیا جائے اور ڈیوائس مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ مستحق افراد کو ان کا پورا حق مل سکے۔

Shares: