کندھ کوٹ (باغی ٹی وی ،نامہ نگارمختیاراعوان )ملک بھر کی طرح کندھ کوٹ میں بھی جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نہایت جوش و جذبے اور عقیدت کے ساتھ منایا گیا۔ عاشقان رسول کی جانب سے ایک بڑی ریلی نکالی گئی، جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔
ریلی کا آغاز مرکزی جامعہ مسجد نورانی سے ہوا، جہاں سے یہ اپنے روایتی راستوں سے گزرتی ہوئی مرکزی جامع مسجد نور مصطفی میں اختتام پذیر ہوئی۔ فضا میں "لبیک یا رسول اللہ” کے نعرے گونج رہے تھے، اور اس موقع پر بچے اور بڑے سبھی ایک ساتھ شریک ہوئے۔
ریلی کی قیادت جماعت اہلسنت کے ضلعی رہنما فقیر یار محمد سہریانی، مولانا مظہر علی سکندری، تحریک لبیک پاکستان کے ضلع امیر مولانا نور محمد، ناظم اعلیٰ مقصود احمد اعوان اور آفتاب علی باجکانی نے کی۔
جلوس کی حفاظت کے لیے سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے، تاکہ اس خوشی کے موقع پر کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس جشن نے عوام کے دلوں میں عشق رسول کی شمع کو مزید روشن کر دیا۔