کندھ کوٹ (نامہ نگار) سندھ ایمپلائز الائنس کی کال پر کندھ کوٹ میں سرکاری ملازمین نے اپنے مطالبات منوانے کے لیے سکولوں، کالجوں اور دفاتر میں مکمل ہڑتال اور تالہ بندی کر دی۔ اس اچانک ہڑتال کے باعث طلبہ اور طالبات کے ساتھ ساتھ دور دراز سے آئے ہوئے لوگ بھی مایوس ہو کر واپس چلے گئے۔
اس موقع پر اساتذہ اور دیگر دفاتر کے ملازمین نے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کے رہنماؤں میں سید عبدالغفار شاہ، عبدالوھاب چاچڑ، صدر الدین مرھیٹو اور دیگر شامل تھے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پینشن اصلاحات کے نام پر سرکاری ملازمین کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے، جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملازم دشمن فیصلوں کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔
رہنماؤں نے مزید کہا کہ حکومت تمام سرکاری ملازمین کو گروپ انشورنس، سروس اسٹرکچر، ڈی آر او الاؤنس 50 فیصد اور دیگر جائز مطالبات فوراً تسلیم کرے۔ اگر مطالبات نہ مانے گئے تو احتجاج کا دائرہ کار بڑھا دیا جائے گا اور 6 اکتوبر کو کراچی میں بلاول ہاؤس کے سامنے بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔