کندھ کوٹ (باغی ٹی وی ،نامہ نگار مختیاراعوان) 14 اگست یومِ آزادی اور "معرکۂ حق” کی مناسبت سے محکمہ صحت ڈی ایچ او سید اعجاز علی شاہ کی جانب سے سول ہسپتال کے اسکول میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا مقصد افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔
تقریب میں ڈپٹی کمشنر کشمور کندھ کوٹ آغا شیر زمان، چیئرمین میونسپل کمیٹی میر راشد خان سندرانی، اسسٹنٹ کمشنر سید علی رضا شاہ، ڈی ایس پی سید اصغر علی شاہ، اور دیگر سرکاری افسران کے علاوہ ڈاکٹروں، اساتذہ، ریسکیو 1122 کے اہلکاروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے "پاکستان زندہ باد” اور "پاک فوج زندہ باد” کے نعرے لگائے، اور ہاتھوں میں بینرز، پلے کارڈز اور قومی پرچم لہرا کر اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔
مختلف اسکولوں کے طلباء نے تقاریر اور ٹیبلو کے ذریعے "معرکۂ حق” میں پاک فوج کی فتح کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ نے صحت کے شعبے میں بہترین خدمات انجام دینے والے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو ایوارڈ شیلڈز سے نوازا، جبکہ میونسپل کمیٹی چیئرمین نے بچوں میں نقد انعامات بھی تقسیم کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اور دیگر مقررین نے کہا کہ پاکستان بہت سی قربانیوں کے بعد حاصل ہوا ہے اور آزادی ایک نعمت ہونے کے ساتھ ساتھ ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس دن کو بھرپور جوش و جذبے سے منانا چاہیے اور اپنے اجداد کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے۔ مقررین نے "معرکۂ حق” میں بھارت کو شکست دینے پر پاک فوج کو دل کی گہرائیوں سے خراجِ تحسین پیش کیا۔