کپتان کا عزم اور حوصلہ بلند،تبدیلی کی راہ میں ہر رکاوٹ کو دور کریں گے، عثمان بزدار
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ 25 جولائی 2018 کو پاکستان کے عوام نے تحریک انصاف کو تبدیلی کیلئے مینڈیٹ دیا
۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ عوام نے ووٹ کی طاقت سے نئے پاکستان کی بنیاد رکھی۔ 25 جولائی کو کرپشن کے بت پاش پاش ہوئے اور مافیاز کو شکست ہوئی۔ 2 برس قبل نئی امیدوں، نئی توقعات، نئی سوچ اور نئے نظریے کی جیت ہوئی۔ عام انتخابات میں شکست خوردہ عناصر نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف پہلے دن سے ہی سازشیں کیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور وزیراعظم عمران خان کی عوامی خدمت کی سیاست سے ہر سازش ناکام ہوئی۔عوام کل بھی تحریک انصاف کے ساتھ تھے، آج بھی ساتھ ہیں اور مستقبل میں بھی ساتھ رہیں گے۔ ہارنے والے عناصر جتنا مرضی پراپیگنڈا کرتے رہیں،وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان آگے بڑھتا جائے گا۔ تنقید کی پرواہ کئے بغیر عوامی خدمت کے سفر پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔ شکست خوردہ عناصر جان لیں کہ حکومت مدت پوری کرے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں بکھر چکی ہیں اور عوام میں ان کی ساکھ ختم ہو چکی ہے۔ لوٹ مار کا دور قصہ پارینہ بن چکا ہے۔ 2 برس میں بے پناہ رکاوٹوں کے باوجود عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے انقلابی اصلاحات کیں۔ہمارے کپتان کا عزم اور حوصلہ بلند ہے۔ وزیراعظم عمران خان نئے پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے پرعزم ہیں۔ ہم عمران خان کے سپاہی ہیں اور ان کے ویژن کے مطابق نئے پاکستان کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ تبدیلی کی راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ کو دور کریں گے