کراچی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور ایک خفیہ ادارے کی مشترکہ کارروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تعلق رکھنے والے دو دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے، جن کے قبضے سے خودکش جیکٹ اور بھاری اسلحہ برآمد ہوا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق حب ریور روڈ پر مشترکہ کارروائی کی گئی، جس میں موچکو تھانے کی حدود کے علاقے آسکانی محلہ میں ’فتنہ الخوارج‘ (ٹی ٹی پی ) سے وابستہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔مقابلے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دونوں مبینہ دہشت گرد مارے گئے۔قبضے سے ایک خودکش جیکٹ، ایک کلاشنکوف، ایک پستول اور بارودی مواد برآمد کیا گیا۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ نے خودکش جیکٹ کو موقع پر ہی ناکارہ بنا دیا۔لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے سول اسپتال کراچی منتقل کر دیا گیا، جہاں فوری طور پر ان کی شناخت نہ ہو سکی۔ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد شہر میں تخریبی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، تاہم بروقت کارروائی سے بڑا سانحہ ٹال دیا گیا۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کی تلاش جاری ہے اور شہر میں امن و امان کو درہم برہم کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
راولپنڈی میں بارش کے بعد صورتحال کنٹرول میں، مرکزی سڑکیں کلیئر
شام پر اسرائیلی حملے خطے کے لیے خطرہ ہیں، ترک صدر اردوان
فاٹا انضمام کا فیصلہ غلط تھا، فاٹا کو الگ صوبہ بنایا جا سکتا ہے: مولانا فضل الرحمان
کوئٹہ اور قلات حملے: سی ٹی ڈی نے دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے