کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں پاور ہاؤس چورنگی کے قریب ڈمپر کی ٹکر سے ایک موٹرسائیکل سوار شخص زخمی ہوگیا۔ حادثے کے بعد مشتعل افراد نے غصے میں آکر کئی ڈمپرز کو نذر آتش کر دیا۔

عینی شاہدین کے مطابق، ایک تیز رفتار ڈمپر ناگن چورنگی فلائی اوور سے آ رہا تھا جب اس نے دو موٹرسائیکلوں کو کچل دیا۔ حادثے میں کسی کی جان نہیں گئی تاہم ایک موٹر سائیکل سوار زخمی ہو گیا۔ عینی شاہد کا کہنا ہے کہ ڈمپر کا ڈرائیور تقریباً 17 سے 18 سال کا لڑکا تھا اور وہ تیز رفتاری سے گاڑی چلا رہا تھا۔ حادثے کے بعد لوگوں نے ڈمپر کو روک لیا اور ڈرائیور کو مارا پیٹا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ حادثے کے بعد مشتعل افراد نے 7 ڈمپرز کو آگ لگا دی۔ ان میں سے 4 ڈمپر ناگن چورنگی اور 3 فور کے چورنگی پر جلا دیے گئے۔ بعد میں فائر بریگیڈ کی مدد سے آگ بجھا دی گئی۔پولیس نے کہا ہے کہ کراچی کے تمام اسپتالوں سے حادثات سے متعلق معلومات حاصل کی جا رہی ہیں تاکہ زخمی افراد کے بارے میں معلوم کیا جا سکے۔

ڈمپر ایسوسی ایشن کے رہنما لیاقت محسود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کی 11 گاڑیوں کو جلایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر حادثے میں کسی شخص کو نقصان پہنچا ہے تو اس کی تفصیلات سامنے لائی جائیں۔ لیاقت محسود نے مزید کہا کہ ڈمپرز کو جلانے والے افراد کو گرفتار کیا جائے اور حکومت ان کی حفاظت کرے۔: ڈمپر ڈرائیوروں نے پاور ہاؤس چورنگی پر ڈمپروں کو آگ لگانے کے خلاف احتجاج شروع کر دیا۔ احتجاج کے دوران ڈرائیوروں نے سڑک پر کچرا بھی پھینک دیا جس کے باعث سہراب گوٹھ اور آلاصف اسکوائر کے قریب ٹریفک کی روانی معطل ہو گئی۔

کراچی میں گزشتہ روز بھی ایک اور افسوسناک حادثہ پیش آیا تھا، جس میں ٹریلر کی ٹکر سے ایک موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق یہ حادثہ کورنگی کے ویٹا چورنگی پر پیش آیا۔ولیس کے مطابق کراچی میں 99 روز میں ہیوی گاڑیوں کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 78 تک پہنچ گئی ہے۔ رواں سال اب تک ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 256 ہو چکی ہے۔

Shares: