شہر قائد میں ای چالان کا نظام ایک مرتبہ پھر سوالات کی زد میں آگیا ہے، جب ایک ہی شہری کو محض چند منٹوں کے اندر 5 مختلف ای چالان موصول ہوگئے۔ سسٹم کی اس خرابی نے شہریوں میں شدید غصے اور تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔

کراچی کے رہائشی حکیم اللہ کو 30 اکتوبر کو ایک ہی دن میں پانچ ای چالان موصول ہوئے۔ شہری کے مطابق، ان میں سے تین چالان ماڑی پور کے مقام پر 12 بج کر 03 منٹ پر کیے گئے، جب کہ چوتھا اور پانچواں چالان حسن اسکوائر کے مقام پر 12 بج کر 13 منٹ پر درج ہوا۔ حیران کن طور پر تمام چالان ایک ہی نوعیت کے تھے ، یعنی سیٹ بیلٹ نہ پہننے پر جرمانے عائد کیے گئے،حکیم اللہ نے بتایا کہ تمام چالانوں پر تاریخ اور وقت واضح درج ہیں، شہری نے بتایا کہ اسے مجموعی طور پر 50 ہزار روپے کے چالان موصول ہوئے جس پر وہ حیران و پریشان ہوگیا۔

اس حوالے سے کراچی ٹریفک پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ متعلقہ شہری سے رابطہ کر لیا گیا ہے اور اسے سہولت سینٹر آنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ای چالان سسٹم میں موجود خامیوں کو دور کیا جائے تاکہ بے گناہ افراد کو غیر ضروری جرمانوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Shares: