کراچی ائیرپورٹ پر کسٹمز نے بغیر ڈیوٹی ادا کیے 10 کروڑ 30 لاکھ روپے مالیت کے لیپ ٹاپس، آئی پیڈز، آئی فونز، میک بُکس، پلے اسٹیشنز اور میموری کارڈز ضبط کر لیے۔

ایف بی آر کی طرف سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کلکٹوریٹ آف کسٹمز ائیرپورٹ کراچی نے فوری طور پر دو ایف آئی آر درج کروا کر اس جرم میں ملوث کمپنی کے ملازمین کو گرفتار کر لیا،یہ الیکٹرانک سامان کو گڈز ڈیکلریشن جمع کرائے بغیر غیر قانونی طور پر کسٹمز ڈیوٹی اور ٹیکس ادا کیے بغیر باہر نکالی جا رہی تھیں، اس فراڈ میں ایک غیر ملکی گراؤنڈ ہینڈلنگ کمپنی کے ملازمین اور بدعنوان درآمد کنندگان ملوث پائے گئے،جعلی طریقہ کار سے مجموعی طور پر پانچ کھیپیں غیر قانونی طور پر باہر نکالی گئیں، یہ تمام کھیپیں میسرز پیر جیلانی جنرل ٹریڈنگ ایل ایل سی دوبئی نے بھیجی تھیں، ان کھیپوں کو کسٹمز کے WeBOC سسٹم سے چھپایا گیا اور جی ڈی دائر نہ کرکے جعلی گیٹ پاسز کے ذریعے کلیئرنس ممکن بنائی گئی۔،پانچوں کھیپوں کی غیر قانونی کلیئرنس پر کسٹمز ڈیوٹی اور ٹیکس چوری کی کُل تخمینہ شدہ مالیت 38 کروڑ 40 لاکھ روپے ہے، کمپنی ملازمین نے قیمتی الیکٹرانکس اشیا کو غیر قانونی طور پر باہر نکالنے کیلئے اپنے کمپیوٹرائزڈ iCargo سسٹم کو استعمال کیا۔

حکام نے بتایاکہ صرف 1 کنسائنمنٹ سے 258 آئی فون 16، 101 لیپ ٹاپس، 246 ٹیبلیٹس، 102 آئی پیڈز، 46 پلے اسٹیشنز اور 20 ہزار میموری کارڈ برآمد کیے گئے،گیٹ پاس جاری کرنے والی خاتون زیرحراست ہیں، خاتون کے مطابق انہیں اوپر سے ہدایات مل رہی تھیں جبکہ نجی کارگو ٹرمینل کا ایک ماہ سے زائد سی سی ٹی وی ریکارڈ دینے میں ہچکچاہٹ سے کام لے رہا ہے، مزید ایف آئی آرز اور گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔ چئیرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال نے کہا ہے کہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہنے والے کسٹمز اہلکار کسی رعایت کے مستحق نہیں ہوں گے

Shares: