کراچی، جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر مسافر کا پاسپورٹ پھاڑنے کے واقعے میں اہم پیشرفت سامنے آگئی ہے، تحقیقات کے بعد نجی ائیرلائن،بلیو ایئر لائن کے عملے کو قصوروار قرار دے دیا گیا ہے۔
کراچی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بیرونِ ملک روانہ ہونے والے ایک مسافر کو اس وقت شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب نجی ائیرلائن کے کاؤنٹر پر موجود عملے نے مبینہ طور پر اس کا پاسپورٹ پھاڑ دیا۔ یہ واقعہ مسافر کی پرواز سے عین قبل پیش آیا، جس کے باعث مسافر نہ صرف اپنی فلائٹ سے محروم ہوا بلکہ اسے ذہنی اذیت کا بھی سامنا کرنا پڑا۔واقعے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی (پی اے اے) نے فوری طور پر تحقیقات کا آغاز کیا۔ ذرائع کے مطابق پی اے اے کی جانب سے کی جانے والی انکوائری میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ائیرلائن کاؤنٹر پر تعینات اسٹاف نے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا، جس کے نتیجے میں مسافر کا پاسپورٹ نقصان کا شکار ہوا۔
تحقیقات میں ائیرلائن کے عملے کو براہِ راست قصوروار قرار دیا گیا ہے، جبکہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاسپورٹ جیسے اہم سفری دستاویز کو نقصان پہنچانا نہ صرف سنگین غفلت ہے بلکہ یہ قانونی جرم کے زمرے میں بھی آتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث عملے کے خلاف محکمانہ کارروائی کی سفارش بھی کی گئی ہے۔
پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی کے حکام کے مطابق مسافروں کے سفری دستاویزات کا تحفظ ائیرپورٹس اور ائیرلائنز کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس نوعیت کے واقعات ملک کے امیج کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔ پی اے اے نے واضح کیا ہے کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ائیرلائنز کے عملے کی نگرانی مزید سخت کی جائے گی۔








