کراچی دھماکا،دو چینی باشندے ہلاک،چین کا ردعمل آ گیا

khi

شہر قائد کراچی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے ،کراچی کے بین الاقوامی جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے قریب دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں چینی شہریوں کی بھی موت ہوئی ہے،

کراچی میں دھماکے کے بعد پاکستان میں چینی سفارت خانے نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً 11 بجے مقامی وقت کے مطابق 6 اکتوبر کو کراچی جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب چینی مالیاتی ادارے پورٹ قاسم پاور جنریشن کمپنی لمیٹڈ کے قافلے پر حملہ کیا گیا۔ اب تک دو چینی اہلکار ہلاک، ایک چینی اہلکار زخمی اور متعدد پاکستانی اہلکار زخمی ہو چکے ہیں، پاکستان میں چینی سفارت خانہ اور قونصلیٹ جنرل اس دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، دونوں ممالک کے بے گناہ متاثرین کے ساتھ گہرے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں اور خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، پاکستانی حکام کے ساتھ حملے کے بعد کی صورتحال کا مل کر جائزہ لے رہے ہیں پاکستان میں چینی سفارت خانے اور قونصلیٹ جنرل نے فوری طور پر ایک ہنگامی منصوبہ شروع کیا ہے، جس میں پاکستانی حکام سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ حملے کی مکمل تحقیقات کرے، مجرموں کو سخت سزا دی جائے، اور چینی شہریوں، اداروں اور منصوبوں کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں، پاکستان میں چینی سفارت خانہ اور قونصلیٹ جنرل چینی شہریوں اور کاروباری اداروں کو باورکراتا ہے کہ وہ سیکورٹی کی صورتحال پر گہری توجہ دیں، حفاظتی اقدامات کو مضبوط بنائیں، اور حفاظتی تدابیر کو یقینی بنائیں۔

واضح رہے کہ دہشت گرد حملے میں جاں بحق ہونے والے 3 غیرملکی شہریوں کی شناخت ہوگئی ہے، واقعہ میں 17 زخمی ہیں جنہیں شہر کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا وزیر داخلہ سندھ ضیا النجار نے تصدیق کی کہ یہ ایک دہشت گرد حملہ تھا جس میں غیر ملکیوں کو گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔دھماکے میں چار پولیس اہلکار اور دو رینجرز اہلکار زخمی ہیں۔دھماکے کے وقت قریب سے چائینیز کانوائے گزر رہا تھا۔ وزیر داخلہ سندھ کے مطابق دھماکے میں چائینیز کانوائے متاثر ہوا ہے اس کی تحقیقات کررہے ہیں.

دھماکے کے بعد جائے واقعہ کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ اظفر مہیسر کا کہنا تھا کہ کرائم سین پر کچھ سمجھ نہیں آرہا، کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق ایک آئل ٹینکر میں آگ لگی اور پھر دھماکے سے نقصان ہوا۔ دھماکے سے کئی گاڑیاں تباہ ہوئیں، دھماکے کی شدت بہت زیادہ تھی،سی ٹی ڈی اور انٹیلیجنس ایجنسیوں کی تحقیقات جاری ہے، واقعے میں دہشتگردی اور تخریب کاری کا عنصر نظر انداز نہیں کیا جاسکتا،

دھماکے میں زخمی خاتون تسلیم نے بتایا کہ وہ بیٹے اور پوتے کے ساتھ موٹر سائیکل پر گزر رہی تھیں، ان کے آگے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اہلکار تھے۔ اچانک دھماکاہوا اور کچھ چیزیں انہیں آکر لگیں، بیٹا اور پوتا محفوظ ہیں،ابتداعی طور پر پولیس نے بتایا تھا کہ دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ایچ او ڈی ایمرجنسی ڈاکٹر نوشین نے بتایا کہ دھماکے کے 6 زخمی جناح اسپتال لائے گئے ہیں،

واقعے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیر داخلہ اور آئی جی پولیس کو فون کرکے ائیر پورٹ کی طرف آنے اور جانے والے راستے بحال رکھنے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ واقعے کی ہر پہلو سے انکوائری کرکے رپورٹ دیں،گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بھی آئی جی پولیس سے دھماکے کی رپورٹ طلب کرلی۔ گورنر سندھ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائیں۔

واقعے کا کوئی تھریٹ الرٹ نہیں تھا، یہ سرپرائز ہے، وزیر داخلہ سندھ

غزہ میں 10 ہزار سے زائدلاشیں لاکھوں ٹن ملبے تلے دبی ہونے کا انکشاف

بی جے پی کو ہریانہ اور مقبوضہ کشمیر میں بھی شکست کا امکان

دہشت گردی کی کارروائی پاکستان اور چین کی پائیدار دوستی پر حملہ ہے،ترجمان دفتر خارجہ
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ کراچی واقعے کی مذمت کرتے ہیں،واقعے میں 2 چینی انجینئرز کی جانیں گئیں اور ایک زخمی ہوا،متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہارکرتے ہیں، واقعے میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں،دہشت گردی کی یہ کارروائی پاکستان اور چین کی پائیدار دوستی پر بھی حملہ ہے،بزدلانہ حملے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے پرعزم ہیں،ہم آہنگی اور سہولت کے لیے چینی سفارتخانے سے قریبی رابطے میں ہیں ،

پاکستان چینی دوستوں کے تحفظ کے عزم پر قائم ہے،وزیراعظم
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کراچی میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب چینی عملے کی گاڑی پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی ہے،وزیراعظم شہباز شریف نے دھماکےمیں ہلاک چینی باشندوں کے اہلخانہ، چین کی قیادت اور عوام سے دلی اظہار تعزیت کیا اوردھماکے میں زخمی افراد کی جلد صحت یابی کی دعا کی،وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دھماکے میں ملوث عناصرپاکستانی نہیں ہوسکتے یہ پاکستان کے دشمن ہیں، دھماکےکی تحقیقات جاری ہیں، ان عناصرکو انصاف کےکٹہرے میں لایاجائےگا، پاکستان چینی دوستوں کے تحفظ کے عزم پر قائم ہے، چینی دوستوں کی سکیورٹی میں کوئی کسرنہیں چھوڑی جائےگی۔

کراچی دھماکہ، بلاول کی مذمت،وزیراعلیٰ سند ھ سے کی رپورٹ طلب
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی ایئرپورٹ کے قریب دھماکے کی مذمت کی ہے،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ سے واقعے کے متعلق رپورٹ طلب کرلی ،پی پی پی چیئرمین نے وزیراعلیٰ سندھ کو امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے فول پروف اقدامات کی ہدایت کی،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دھماکے میں اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی، بلاول بھٹو زرداری نےدہشتگردی و انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے کاوشوں کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا.

معصوم پاکستانیوں اور غیر ُملکی مہمانوں کی ہلاکت اور زخمی ہونا افسوسنا ک ہے ۔حلیم عادل شیخ
پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ کراچی ائیرپورٹ دھماکہ قابل مذمت ہے اور دھماکہ کرنے والے ناقابل ُمعافی ،معصوم پاکستانیوں اور غیر ُملکی مہمانوں کی ہلاکت اور زخمی ہونا افسوسنا ک ہے ۔ ہمیں ایک قوم بنکر دہشتگردوں اور دہشتگردی کا خاتمہ کرنا ہوگا ، دہشتگرد ُملک و قوم کے دُشمن ہیں۔ حُکومت متاثرین کو فوری بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور مُعاوضہ کا اعلان کیا جائے ۔

کراچی دھماکہ کے ذمہ داران قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائیں گے،وزیر داخلہ
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کراچی ائیرپورٹ سگنل کے قریب دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے دھماکے میں 2 چینی شہریوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے جاں بحق چینی شہریوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاں بحق چینی شہریوں کے سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، دکھ کی گھڑی میں چینی شہریوں کے خاندانوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے مزید کہا کہ اس المناک واقعہ کے ذمہ داران قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بزدل دشمن نے پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی گھناؤنی سازش کی.

کراچی دھماکا،مولانا فضل الرحمان کا تحقیقات کا مطالبہ
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے چینی باشندوں پر حملے کی مذمت کی ہے،مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ برادر ملک چین کے شہریوں پر حملہ افسوس ناک ہے، جے یو آئی برادر ملک چین کے غم میں برابر کی شریک ہے،بردار ملک چین سے تعزیت کرتا ہوں، واقعے کی تحقیقات کر کے مجرموں کو فوری سزا دی جائے

Comments are closed.