کراچی پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے شاہراہ فیصل پر اسٹار گیٹ کے قریب ایک گاڑی سے 11 کلوگرام چرس برآمد کرلی۔ پولیس کے مطابق منشیات اسمگلنگ کی یہ کوشش ناکام بنادی گئی اور دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ایس ایچ او کلیم موسیٰ نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس نے معمول کی چیکنگ کے دوران ایک مشکوک گاڑی کو روکا تو اس میں سوار افراد نے خود کو سرکاری اہلکار ظاہر کیا اور گاڑی کو ’’اہم شخصیت‘‘ کی قرار دیا۔ تاہم پولیس کی جانب سے سخت جانچ پڑتال پر ان کی اصلیت سامنے آگئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے گاڑی پر غیر قانونی طور پر پولیس لائٹ نصب کر رکھی تھی تاکہ چیکنگ سے بچ سکیں۔ گاڑی کی تلاشی کے دوران 18 پیکٹ برآمد ہوئے جن میں مجموعی طور پر 11 کلو چرس موجود تھی۔
پولیس نے موقع پر ہی دو ملزمان شریف بازئی اور ذوالقرنین کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار افراد کے خلاف ائیرپورٹ تھانے میں منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ایس ایچ او کلیم موسیٰ کا کہنا ہے کہ ملزمان کے دیگر سہولت کاروں اور نیٹ ورک کی تلاش جاری ہے جبکہ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ چرس شہر کے مختلف علاقوں میں فروخت کے لیے لائی جارہی تھی۔پولیس حکام کے مطابق اس کارروائی سے منشیات کی ایک بڑی کھیپ کراچی کی مارکیٹ میں پہنچنے سے قبل ہی پکڑ لی گئی ہے۔