کراچی میں شروع ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے میچز کے لیے فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دینے کے لیے ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز میں ایک اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد نے کی۔ اجلاس میں میچ دیکھنے آنے والے شائقین کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی گئیں۔
چیمپئنز ٹرافی کے دوران سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ایس ایس یو اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 6700 سے زائد اہلکار تعینات ہوں گے۔ ان میں ایس ایس یو کے 1045 کمانڈوز بشمول لیڈی کمانڈوز، سیکیورٹی ڈویژن کے 1745، ٹریفک پولیس کے 1390، اور اسپیشل برانچ کے 328 اہلکار شامل ہیں۔ یہ اہلکار نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم، کراچی ایئرپورٹ، روٹس، پارکنگ پوائنٹس، ہوٹلز اور دیگر حساس مقامات پر اپنے فرائض انجام دیں گے۔سیکیورٹی پلان کے مطابق ماہر نشانہ باز بھی حساس مقامات پر تعینات کیے جائیں گے۔ علاوہ ازیں، ایس ڈبلیو اے ٹی ٹیم کو کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رکھا جائے گا، اور یہ ٹیم اسٹیڈیم کے اطراف گشت بھی کرے گی۔
شائقین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ میچ کے دوران سر شاہ سلیمان روڈ استعمال کرنے سے گریز کریں اور متبادل راستوں کا انتخاب کریں۔ نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم میں پارکنگ کا انتظام بھی کیا گیا ہے، جس میں چائنہ گراؤنڈ، نیشنل کوچنگ سینٹر اور ایکسپو سینٹر شامل ہیں۔اسٹیڈیم میں داخلے کے لیے صرف مخصوص گیٹس استعمال کیے جا سکیں گے، جن میں گیٹ نمبر 04، 05، 06، 12، 13، اور 14 شامل ہیں۔ وی آئی پیز اور اسٹیکرز یا پاسز کی حامل گاڑیاں گیٹ نمبر 8 سے داخل ہو سکیں گی۔ اسٹیڈیم میں کسی بھی قسم کی آتشیں اسلحہ، کھلونا بندوق، دھماکا خیز مواد، یا ممنوعہ اشیاء لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ مزید برآں، اسٹیڈیم کے اندر کھانے پینے کی اشیاء اسٹالز پر دستیاب ہوں گی۔
ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد نے کہا کہ سندھ پولیس اس بات کو یقینی بنائے گی کہ تمام شرکاء کے لیے ایک پُر امن اور خوش گوار ماحول فراہم کیا جائے۔ ایس ایس یو کی خصوصی کمانڈ اینڈ کنٹرول بس اسٹیڈیم کے اطراف امن و امان کی نگرانی کے لیے تعینات کی جائے گی، اور اسٹیڈیم کے اطراف تمام سڑکیں ٹریفک کی آمد و رفت کے لیے کھلی رہیں گی۔یہ سیکیورٹی انتظامات اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025ء کا انعقاد کراچی میں امن و سکون کے ساتھ ہو۔