کراچی میں گزشتہ کئی روز سے دھرنوں کا راج ہے، آج مزید 60 مقامات پر دھرنے دیے گئے، چند ہزار مظاہرین کی وجہ سے لاکھوں شہری رُل گئے۔

باغی ٹی وی کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں مذہبی جماعت کے احتجاجی دھرنوں کے باعث شہر میں شدید ٹریفک جام ہوگیا۔دھرنے لسبیلہ چوک، اورنگی اسلام چوک، ناگن چورنگی اور کورنگی 5 سمیت متعدد مقامات پر دیے گئے، جس سے شہر کی ٹریفک متاثر ہوئی۔مذہبی جماعت کے کارکنان نے صفورا گوٹھ کے قریب بھی احتجاج کیا، جس کے باعث اس علاقے کی ٹریفک متاثر ہوئی۔اسی طرح، بلوچ کالونی پل کے نیچے ہونے والے دھرنے کے باعث شارع فیصل کا ایک ٹریک بند ہوگیا، جس سے بڑی تعداد میں گاڑیاں پھنس گئیں۔شیرشاہ کے علاقے میں بھی احتجاج کیا گیا، جس کے باعث گلبائی سے شیرشاہ تک شدید ٹریفک جام ہوگیا۔کراچی کے دیگر علاقوں جیسے کہ شاہ فیصل کالونی اور اسٹار گیٹ پر دھرنے کی کوشش کی گئی، تاہم پولیس نے مظاہرین کو روکا۔اس کے علاوہ، بلوچ پل سے کارساز تک گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور ملیر قائدآباد مرغی خانہ، برنس روڈ اور تیسر ٹاؤن روڈ پر بھی دھرنوں کے باعث ٹریفک معطل ہوگیا۔شہر کے دیگر علاقوں میں بھی ٹریفک کی روانی متاثر رہی، بشمول حسن اسکوائر، عیسیٰ نگری، عوامی مرکز اور یونیورسٹی روڈ، جہاں گاڑیوں کی روانی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔کورنگی ایکسپریس وے، قیوم آباد اور کورنگی ندی پر بھی ٹریفک کا دباؤ بڑھا۔پولیس نے نمائش چورنگی پر مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ کی، جس پر مظاہرین نے پتھراؤ کیا۔ ان دھرنوں کے باعث شہر میں ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

کراچی: نمائش چورنگی پر کشیدگی، مظاہرین نے موٹر سائیکلوں کو آگ لگادی

نئے سال پر پیٹرول، ڈیزل کی قیمت میں اضافہ

Shares: