عالمی سطح پر جاری ایک سروے میں پاکستان کا سب سے بڑا شہر عالمی سروےرہائش کے اعتبار سے دنیا کا چوتھا بدترین شہر قرار پایا ہے۔

اکنامسٹ انٹیلیجنس یونٹ (ای آئی یو) کی جانب سے جاری کردہ لیویبلیٹی انڈیکس 2025 کے مطابق، کراچی کو 173 شہروں میں 170ویں پوزیشن پر رکھا گیا ہے۔ پاکستان کا واحد شہر جو اس فہرست کا حصہ بنا، اس نے صرف ڈھاکہ (بنگلہ دیش)، طرابلس (لیبیا)، اور دمشق (شام) کو پیچھے چھوڑا۔ درجہ بندی پانچ بڑے شعبوں پر مبنی 30 سے زائد اشاریوں پر کی گئی، جن میں سلامتی، صحت، ماحول و ثقافت، تعلیم اور انفراسٹرکچر شامل ہیں۔

رہائش کے لیے بہترین شہروں کی فہرست میں ڈنمارک کا دارالحکومت کوپن ہیگن سرفہرست رہا، جبکہ ویانا، زیورخ، میلبورن اور جنیوا بالترتیب دوسرے سے پانچویں نمبر پر آئے۔گزشتہ برس کی فہرست میں ویانا پہلے نمبر پر تھا، تاہم اس سال ٹیلر سوئفٹ کے کنسرٹ اور ریلوے اسٹیشن پر دہشت گرد حملے کے باعث اس کا استحکام اسکور متاثر ہوا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ یورپ اور شمالی امریکا کے کئی شہروں کی رینکنگ میں کمی دیکھی گئی۔ لندن 54ویں اور نیویارک 69ویں نمبر پر رہے، جن میں جرائم کی شرح، سیکیورٹی خدشات اور ٹریفک مسائل اہم عوامل رہے۔

دنیا کے سب سے بڑے شہروں میں شامل ٹوکیو کو 13ویں پوزیشن دی گئی۔ برطانیہ کے تینوں شہر لندن، مانچسٹر اور ایڈنبرا کی درجہ بندی میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کی وجہ ملک گیر مظاہرے اور بڑھتی ہوئی بے گھری بتائی گئی۔کینیڈا کے شہروں کیلگری اور ٹورنٹو سمیت چار شہروں کی درجہ بندی صحت کے شعبے میں کمی کے باعث متاثر ہوئی۔رپورٹ کے مطابق خلیجی خطے میں رہائش کے حالات میں بہتری دیکھی گئی، خاص طور پر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں صحت اور تعلیم کے شعبوں کی ترقی کے باعث۔

درجہ بندی میں دمشق بدستور آخری نمبر پر ہے، تاہم رپورٹ میں کہا گیا کہ بشار الاسد کی ممکنہ معزولی اور امریکہ کی جانب سے پابندیاں ختم کرنے کی صورت میں آئندہ سال درجہ بندی بہتر ہو سکتی ہے۔جنوبی ایشیائی شہروں کی کارکردگی بھی متاثر کن نہیں رہی، جس کی بڑی وجوہات فضائی آلودگی، بڑھتا ہوا درجہ حرارت اور سرحدی کشیدگی بیان کی گئیں۔ ہندوستان کے پانچ شہروں کا اسٹیبلٹی اسکور کشمیر بارڈر پر کشیدگی کے باعث نیچے آیا۔

رپورٹ میں خبردار کیا گیا کہ اگرچہ مہنگائی میں کمی کا رجحان ہے، لیکن عالمی جغرافیائی کشیدگی میں اضافہ معیارِ زندگی اور استحکام کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔

لیبیا کشتی حادثہ 2025: ایف آئی اے نے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا

پاکستان کا مشرقِ وسطیٰ کے بینکوں سے ایک ارب ڈالر کا تاریخی معاہدہ

ایران نے اسرائیل جنگ سے متعلق مذاکراتی ٹیم بھیجنے کی خبروں کو مسترد کر دیا

اربوں کی ٹیکس چوری: ایف بی آر نے متعدد شوگر ملز کی تفصیلات کمیٹی میں پیش کر دیں

Shares: