کراچی،باغی ٹی وی (نمائندہ خصوصی ڈاکٹربشیربلوچ) سحری کے وقت گیس غائب، سوئی سدرن کے دعوے دھوکہ، عوام پریشان
تفصیلات کے مطابق وزیرِاعظم کے نوٹس کے باوجود کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس کی شدید قلت برقرار ہے، سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کا سحری میں گیس فراہمی کا دعویٰ غلط ثابت ہوگیا۔
شہر کے متعدد علاقوں میں گیس کی بندش اور پریشر کی کمی کے باعث شہریوں کو سحری کی تیاری میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ جیکب لائن، نارتھ کراچی، سرسید ٹاؤن، کلیانہ ٹاؤن، یو پی سوسائٹی، خواجہ اجمیر نگری، گلستانِ جوہر، سرجانی، گلبہار، سعود آباد، گڈاپ اور کاٹور سمیت کئی علاقوں میں گیس کی عدم دستیابی نے عوام کی پریشانی میں اضافہ کردیا۔
ایس ایس جی سی کی جانب سے سسٹم میں آر ایل این جی شامل کرکے پریشر مستحکم کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا، مگر شہریوں کو اس کا کوئی فائدہ نہ پہنچا۔ گیس پریشر برقرار رکھنے میں ناکامی کے باعث عوامی سطح پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ بارہا شکایات کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہورہی، جبکہ حکومتی دعوے محض اعلانات تک محدود ہیں۔ عوام نے حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گیس کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں تاکہ رمضان میں سحری اور افطار کے دوران مشکلات سے بچا جا سکے۔