![karachi](https://baaghitv.com/wp-content/uploads/2024/02/murtaza-wahab-905x613.webp)
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہےکہ لوگ معیاری طبی سہولتوں کے لیے کراچی آتے ہیں، لوگ چھٹیاں گزارنے کے لیے بیرونِ ملک چلے جاتے ہیں، بہت سے لوگ تعلیم حاصل کر کے دوسرے ملک چلے جاتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ جو شہر ملک کو چلا سکتا ہے، اس میں خودمختاری کی اہلیت ہے، شہری مکالمے پر شہر میں کوئی بات نہیں کرتا، امیر امیر سے بات کرتا ہے اور غریب غریب سے، دوریوں کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ میئر کراچی نے کہا کہ سب سے مشکل کام میرے ذمے ہیں، پریشانی کا ذکر سب کرتے ہیں، حل کی بات کوئی نہیں کرتا، میں نے یہ عہدہ بائی چوائس لیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی نے یتیموں کو اپنایا ہے، کراچی سب کا ہے، خاص طور پر جس کا کوئی نہیں اس کا کراچی ہے، مگر بدقسمتی سے کراچی کا کوئی نہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اگلے ساڑھے 3 سال میں ماسٹر پلان، ٹرانسپورٹ میکینزم، سالڈ ویسٹ سمیت دیگر امور پر کام کرنا چاہوں گا، شہر کو بہتر کرنے کے لیے امیدیں ہیں، میں لوگوں کو ناامیدی سے بچانا چاہتا ہوں۔ میئر کراچی نے کہا کہ اگلے اربن ڈائیلاگ کے لیے سٹی کونسل کے ہال کی دعوت دیتا ہوں، دل سے کراچی کا باسی ہوں، کراچی کو اپنےاور آپ کے بچوں کے لیے بہتر بنانا چاہتا ہوں۔اُنہوں نے کہا کہ یہاں لوگ پلاسٹک کی تھیلیوں پر پابندی نہیں لگنے دیتے، 2021ء میں جب ایڈمنسٹریٹر کراچی بنا تو پلاسٹک تھیلیوں کو بند کرنے کی کوشش کی تھی۔اُنہوں نے کہا کہ جو ماضی میں ہوا اس کو بھول جاتے ہیں لیکن اب سے بہتری کی بات کرتے ہیں۔