کراچی: فلیٹ سے 4 خواتین کی تشدد زدہ اور گلا کٹی لاشیں برآمد

crime

کراچی (باغی ٹی وی )کراچی کے علاقے لی مارکیٹ میں ایک فلیٹ سے 4 خواتین کی تشدد زدہ اور گلا کٹی ہوئی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس نے لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق واقعہ رہائشی عمارت کی ساتویں منزل پر پیش آیا، جہاں چاروں خواتین کی لاشیں الگ الگ کمروں سے ملیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قتل سے قبل خواتین پر تشدد کیا گیا تھا۔ کرائم سین یونٹ جائے وقوعہ پر موجود ہے اور شواہد اکٹھے کرنے کا عمل جاری ہے۔

پولیس کے مطابق مقتولین میں ماں، بیٹی، نواسی اور بہو شامل ہیں جن کی عمریں بالترتیب 51، 18، 19 اور 13 سال ہیں۔ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور جائے وقوعہ سے مزید شواہد حاصل کیے جا رہے ہیں تاکہ قتل کے محرکات اور ملزمان کا پتہ چلایا جا سکے۔

گھر کے سربراہ محمد فاروق نے بتایا کہ واردات کے وقت وہ اور اس کے دونوں بیٹے گھر پر موجود نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں کسی پر شک نہیں ہے اور وہ بھی اس سانحے سے صدمے میں ہیں۔

پولیس اس بات کی بھی تحقیقات کر رہی ہے کہ واردات ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے یا اس کے پیچھے کوئی اور مقصد کارفرما تھا۔ علاقے کے لوگوں سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے تاکہ واقعے کے بارے میں مزید معلومات حاصل کی جا سکیں۔

معاملے کی سنگینی کے پیش نظر کیس کی تحقیقات میں تیزی لائی جا رہی ہے اور پولیس کا کہنا ہے کہ جلد ملزمان کو گرفتار کر کے حقائق منظرِ عام پر لائے جائیں گے۔

Comments are closed.