سندھ حکومت نے کراچی کے تجارتی علاقوں کی بحالی، خوبصورتی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے خصوصی ٹاسک فورس کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد شہر میں صفائی، تجاوزات کے خاتمے اور شہری سہولیات میں بہتری لانا ہے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور خوبصورت ماحول فراہم کیا جا سکے۔
باغی ٹی وی کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ کے دفتر سے جاری کردہ بیان اور نوٹیفیکیشن کے مطابق نو تشکیل شدہ ٹاسک فورس کی سربراہی میئر کراچی ڈویژن کریں گے جبکہ دیگر ارکان میں کمشنر کراچی ڈویژن، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس کراچی رینج، ڈپٹی انسپکٹر جنرل ٹریفک کراچی، اسپیشل سیکریٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ ایچ ٹی پی ڈپارٹمنٹ، ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، میونسپل کمشنر کراچی میونسپل کارپوریشن، ڈائریکٹر ملٹری لینڈز اینڈ کینٹونمنٹ اور متعلقہ ٹی ایم سی کے میونسپل کمشنر شامل ہوں گے۔
ٹاسک فورس کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ مختلف سرکاری اداروں کے ساتھ رابطہ اور ہم آہنگی کے ذریعے کراچی کے شہری مسائل کو حل کرے۔ ان مسائل میں صفائی کے انتظامات، کچرے کی موثر صفائی، تجاوزات کے خاتمے، غیر قانونی پارکنگ کے مسائل، سیوریج کے مسائل کا حل اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری شامل ہیں۔ ٹاسک فورس کے ان اقدامات کا مقصد کراچی کے شہری منظرنامے کو نمایاں طور پر بہتر بنانا ہے۔
ٹاسک فورس نے جن اہم شاہراہوں کو ترقیاتی کاموں کے لیے منتخب کیا ہے ان میں شاہراہِ فیصل، شاہراہِ قائدین، شیر شاہ سوری روڈ، شہید ملت روڈ، حبیب ابراہیم رحمت اللہ (کرساز)روڈ، عبداللہ ہارون روڈ سے شاہراہِ فردوسی(عبداللہ شاہ غازی مزار تک)، آئی آئی چندریگر روڈ یہ شاہراہیں کراچی کی ٹریفک روانی اور تجارتی سرگرمیوں کے لیے انتہائی اہم ہیں، اسی لیے انہیں اولین ترجیح دی گئی ہے۔
سندھ حکومت نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ٹاسک فورس کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ ترقیاتی منصوبوں کو موثر طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔ ان اقدامات کے ذریعے وسائل کے ضیاع کو روکا جائے گا اور تمام ادارے مشترکہ طور پر شہری مسائل کا بہتر حل فراہم کر سکیں گے۔چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے اس حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سندھ کا دل ہے اور اس کی خوبصورتی میں اضافہ، ٹریفک کے مسائل کا حل اور تجاوزات کا خاتمہ سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے ہدایت دی کہ ٹاسک فورس فوری طور پر کام کا آغاز کرے اور مقررہ مدت میں نمایاں نتائج پیش کرے تاکہ شہریوں کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ چیف سیکریٹری سندھ نے مزید کہا کہ کراچی کی بہتری کے لیے تمام ادارے مشترکہ طور پر کام کریں گے اور ٹاسک فورس کا قیام شہری سہولیات کی بہتری کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ وہ اس منصوبے میں بھرپور تعاون کریں تاکہ کراچی کو ایک خوبصورت، منظم اور جدید شہر بنایا جا سکے۔ یہ اقدام سندھ حکومت کے کراچی کو ایک صاف ستھرا، جدید اور مثالی شہر بنانے کے عزم کا مظہر ہے جس سے نہ صرف شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی بلکہ شہر میں تجارتی اور معاشرتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔
اسرائیلی فوجیوں پر حملہ کرنے والی جنگلی بلی کی دھوم مچ گئی
نکاح سے قبل زوجین کے متعدی مرض کے ٹیسٹ نکاح نامہ کا حصہ بنانے کا مشورہ