کراچی میں اسٹریٹ کرائم نے ایک اور قیمتی جان لے لی جس میں گزشتہ روز شریف آباد میں گاڑی پر فائرنگ سے زخمی ہونے والی گورنمنٹ گرلز کالج سعود آباد کی سابقہ پرنسپل دوران علاج دم توڑ گئیں۔
پولیس کے مطابق شریف آباد میں گزشتہ شام میاں بیوی کی کار پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، دونوں میاں بیوی لیاقت آباد سپر مارکیٹ میں شاپنگ کے لیے آئے تھے، دونوں شاپنگ کے بعد گلستان جوہر جارہے تھے کہ اتنےمیں وہ ایک جگہ رکے جہاں موٹرسائیکل سوار نے لوٹ مار کی غرض سے گاڑی کا شیشہ بجایا تو مقتولہ کے شوہر عرفان نے گاڑی بھگانا چاہی جس پر ملزم نے گاڑی پر فائرنگ کردی۔
پولیس کے مطابق ملزم کی فائرنگ سے دونوں میاں بیوی زخمی ہوگئے تھے جنہیں پہلےبیت المکرم کے قریب واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ جہاں پر ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال لے جایا گیا لیکن خون زیادہ بہہ جانے کی وجہ سے 62 سالہ نگہت نسرین دوران علاج جاں بحق ہوگئیں جب کہ ان کے شوہر عرفان زخمی ہیں۔پولیس کا کہنا ہےکہ نگہت نسرین ریٹائرڈپروفیسر تھیں وہ گورنمنٹ گرلز کالج سعودآباد کی سابقہ پرنسپل بھی رہ چکی ہیں اورمقتولہ فیڈرل بی ایریا بلاک 16 کی رہائشی تھیں۔
کراچی میں اسٹریٹ کرائم نے ایک اور قیمتی جان لےلی،سابقہ پرنسپل دوران علاج دم توڑ گئیں۔
