شہر قائد میں 3 سگے کمسن بہن بھائیوں کی موت،ورثا نے پوسٹمارٹم نہ کرنے دیا

0
28

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شہر قائد کراچی کے علاقے کھارادر میں مبینہ طور پر زہریلا کھانا کھانے سے 3سگے بہن بھائی کی موت ہوئی ہے

کھارادر میں 3 کمسن بہن بھائی پر اسرار طور پر جاں بحق ہوگئے جن میں 2 بہنیں اور ایک بھائی شامل ہے۔ اس حوالے سے ایس ایچ او کھارادر احسن ذوالفقار کا کہنا تھا کہ جاں بحق ہونے والے بچوں میں 11 سالہ عائزہ اس کا چھوٹا بھائی 8 سالہ سعد اور چھوٹی بہن 2 سالہ صفا شامل ہیں۔

اہلخانہ نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ وہ باہر سے کھانے پینے کی کچھ چیزیں خرید کر لائے تھے اور کچھ کھانا گھر میں بھی موجود تھا جس کے کھانے کے بعد بچوں کی حالت انتہائی غیر ہوگئی۔

ایس ایچ او کھارادر نے بتایا کہ ورثا پولیس سے بالکل تعاون نہیں کر رہے اور ان کا کہنا ہے کہ ہم کوئی قانونی کارروائی نہیں چاہتے جب کہ پولیس اس بات پر اصرار کر رہی ہے کہ کم از کم بچوں کی وجہ ہلاکت کا تو تعین ہونا چاہیے اور جو کھانا گھر میں موجود ہے وہ پولیس کے حوالے کیا جائے تاکہ اس کا لیبارٹری ٹیسٹ کرایا جاسکے۔

دوسری جانب ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے ڈی آئی جی ساؤتھ سے تفصیلات طلب کر لیں، ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کے مطابق جاں بحق بچوں کا پوسٹ مارٹم ہونا چاہیے تھا،بچوں کے لواحقین نے پوسٹ مارٹم کرانے سے منع کیا،ٹیم سے مشاورت کے بعد قانونی کاروائی کا آغاز کریں گے،

ایس پی سٹی کا کہنا ہے کہ بچوں سمیت مکمل فیملی نے 14جون کی رات بر گر خرید کر کھائے،15جون کی صبح بچوں کی حالت خراب ہونے پرکھارادر جنرل اسپتال منتقل کیا گیا،ڈاکٹرز نے طبی معائنے کے بعد بچوں کو دوا دے کر گھر روانہ کر دیا،کچھ گھنٹوں بعد بچوں کی طبیعت دوبارہ بگڑنےپرکھارادرجنرل اسپتال لےجایاگیا،اسپتال پہنچنے پر انتظامیہ نے 2بچوں کی موت کی تصدیق اورتیسرے کو جناح اسپتال ریفر کیا،جناح اسپتال منتقلی کے دوران تیسرا بچہ بھی دم توڑ گیا

Leave a reply