شہر قائد کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی ہے،
کراچی کے علاقوں نارتھ کراچی، سائٹ ایریا،سرجانی ٹاؤن، منگھوپیر، ناردرن بائی پاس، کورنگی انڈسٹریل ایریا اور ملیر میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے،شاہراہ فیصل پر پھسلن کے باعث متعدد موٹر سائیکل سوار گر کر زخمی ہوگئے ہیں، گڈاپ، سرجانی ٹاؤن، تیسر ٹاؤن، صدر کے علاقے میں کہیں ہلکی، درمیانی اور کہیں بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے،کراچی میں بارش کے ہوتے ہی کے الیکٹرک کے 145 فیڈر ٹرپ کر گئے کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی معطل ہو کر رہ گئی.

پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے بلدیاتی نمائندے شہر قائد میں بارش کے بعد نکاسی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے نکل پڑے،ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نےشہر کے اولڈ ایریاز اور نشیبی علاقوں میں پانی کی نکاسی کے انتظامات کا جائزہ لیا،

محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں ہونے والی بارش کے اعدادوشمار جاری کردیئے،
سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاون میں 7ملی میٹرریکارڈ ہوئی،کیماڑی میں 5ملی میٹر،اورنگی ٹاون میں 4.8 ملی میٹر،قائدآباد میں 4ملی میٹربارش ہوئی،پی اے ایف بیس مسرورپر2.5ملی میٹر،کورنگی،سعدی ٹاون میں 2ملی میٹربارش ریکارڈ ہوئی، یونیورسٹی روڈ پر1.5ملی میٹر،ڈی ایچ اے فیز2،اولڈ ائیرپورٹ اورجناح ٹرمینل پر1 ملی میٹربارش ریکارڈ ہوئی،سب سے کم بارش پی اے ایف بیس مسرور پر0.9ملی میٹرریکارڈ ہوئی.

کراچی میں بارش کی وجہ سے ایئر پورٹ پر بھی مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، پروازوں کی آمد و روانگی میں تاخیر دیکھنے میں آئی ہے،بارش کی وجہ سے کراچی اسلام آباد کی پی آئی اے کی پرواز پی کے 368 کی روانگی میں سوا گھنٹہ تاخیر کا شکار ہوئی جبکہ کراچی اسلام آباد کی دوسری پرواز پی کے 308 کی روانگی میں بھی ایک گھنٹے کی تاخیر ہے،ملتان کی پرواز پی کے 330 بھی ایک گھنٹہ تاخیر سے روانہ ہوگی جبکہ کراچی سے پشاور کی پرواز ڈھائی گھنٹے تاخیر سے جائے گی

پاک فوج کی کراچی کے بارش سے ممکنہ متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن کی تیاریاں مکمل ہیں،حالیہ پیشنگوئی کے مطابق ہونے والی بارش کے نتیجے میں صورتحال سے نمٹنے کیلئے ڈرینج سسٹمز اور پمپنگ کے ذریعے پاک فوج کی جانب سے پانی کی نکاسی کا سلسلہ جاری ہے،پاک فوج کے جوان مقامی انتظامیہ کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں میں ریسکیو ٹیموں کے ہمراہ موجود ہیں،پاک فوج کی مختلف ریسکیو ٹیمیں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں،پاک فوج قدرتی آفات کے دوران امدادی سرگرمیوں میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے بھر میں رین ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے تمام بلدیاتی اداروں، انتظامیہ اور اسپتالوں میں ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے چھٹیاں منسوخ کر دی تھیں،وزیراعلیٰ سندھ نے عوام سے غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلنے کی اپیل بھی کی ہے جبکہ کنٹونمنٹ ہیڈکوارٹر میں بھی ایمرجنسی سیل قائم کیا گیا ہے،میئر کراچی مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ شہر کے نالوں اور چوکنگ پوائنٹ کو کھول دیا گیا ہے۔

Shares: