کراچی میں فائرنگ کے نتیجے میں نجی ٹی وی کے اینکر امتیاز میر زخمی ہوگئے ہیں

پولیس کے مطابق ملیر کالا بورڈ کے قریب کار پر فائرنگ سے نجی ٹی وی کے اینکر امتیاز میر زخمی ہوگئے، امتیاز میر اپنے بھائی کے ساتھ جا رہے تھے کہ اسی دوران موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کر دی،پولیس کا بتانا ہے کہ فائرنگ سے امتیاز میر کے سینے اور چہرے پر گولی لگی جس کے بعد زخمی اینکر کو فوری طور پر قریبی نجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار نےکالا بورڈ میں میٹرو ٹی وی کے اینکر پرسن امتیاز میر پر فائرنگ کا نوٹس لے لیا،اینکر پرسن فائرنگ کے نتیجے میں زخمی، ضیاءالحسن لنجار نےمذمت کی ہے،وزیر داخلہ ضیاءالحسن لنجار نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ سے رپورٹ طلب کر لی،وزیر داخلہ کی ہدایت پر پولیس کو واقعہ کے محرکات سامنے لانے کی ہدایت کی گئی،وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار کا کہنا ہے کہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے، جائے وقوعہ سے گولیوں کے 2 خول اور ایک گاڑی برآمد ہوئی ہے،پولیس حکام کے مطابق واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں جبکہ جائے وقوعہ اور اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔

Shares: