کراچی میں ہیوی ٹریفک نےایک بار پھر انسانی جانیں نگل لیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں الگ الگ حادثات کے دوران تین شہری جاں بحق ہوگئے،
شہر میں جہاں بڑھتی ٹریفک، غیر تربیت یافتہ ڈرائیورز اور بھاری گاڑیوں کی تیز رفتاری خطرناک صورت اختیار کرچکی ہے، وہیں آج کے واقعات نے ایک بار پھر ٹریفک انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔پہلا افسوسناک حادثہ کریم آباد پل پر پیش آیا، جہاں ایک تیز رفتار ٹریلر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ حادثے میں 26 سالہ نوجوان شبیر موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق نوجوان کا تعلق کھارادر سے تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا جبکہ ٹریلر کا ڈرائیور ٹکر کے فوراً بعد موقع سے فرار ہوگیا۔ واقعے کے بعد جائے وقوعہ پر شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔
دوسرا جان لیوا حادثہ کشمیر روڈ پر پیش آیا، جہاں ایک واٹر ٹینکر نے راہگیر کو روند ڈالا۔ حادثے میں شخص موقع پر دم توڑ گیا۔پولیس کے مطابق ٹینکر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا ہے، تاہم حادثے کے بعد مشتعل شہریوں نے ہنگامہ آرائی کی، سڑک بلاک کردی اور توڑ پھوڑ بھی کی۔ موقع پر پہنچ کر پولیس نے صورتحال کو قابو میں کیا۔تیسرا حادثہ سائٹ ایریا فلائی اوور پر رپورٹ ہوا، جہاں ایک اور تیز رفتار ٹریلر نے موٹر سائیکل سوار کو ٹکر مار دی۔ موٹر سائیکل سوار شدید زخمی ہوا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ حادثات کے بڑھتے ہوئے رجحان کی ایک بڑی وجہ ہیوی ٹریفک کی لاپرواہ ڈرائیونگ اور تیز رفتار ہے۔ان افسوسناک حادثات نے شہر بھر میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ہیوی ٹریفک کو شہر کے حساس اور مصروف علاقوں میں مکمل پابندی کے باوجود کھلے عام داخل ہونے دیا جاتا ہے ،شہریوں اور سماجی تنظیموں نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریلر اور ٹینکر مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے، فرار ہونے والے ڈرائیور کی فوری گرفتاری یقینی بنائی جائے اور شہر میں ہیوی ٹریفک کے داخلے سے متعلق ایس او پیز پر سختی سے عمل کرایا جائے تاکہ مزید جانیں ضائع ہونے سے بچ سکیں۔







