حکومتِ سندھ کے ہوم ڈیپارٹمنٹ، سیکیورٹی ڈویژن نے کراچی شہر کے لیے 12 نومبر سے 30 نومبر 2025 تک اعلیٰ سطحی سیکیورٹی الرٹ جاری کردیا ہے۔

یہ اقدام وفاقی و صوبائی خفیہ اداروں سے موصول ہونے والی مصدقہ اطلاعات کے بعد کیا گیا ہے جن کے مطابق شہرِ قائد میں دہشت گردی یا تخریب کاری کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔نوٹیفکیشن نمبر HD/Sec/Alert-11/2025 کے مطابق، 12 نومبر کی رات 00:01 بجے سے 30 نومبر کی رات 23:59 بجے تک شہر میں سیکیورٹی سخت رہے گی، اور تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔حکومتی اعلامیے میں درج ہے کہ درج ذیل مقامات پر خصوصی نگرانی اور سخت چیکنگ کی جائے گی

شاپنگ مالز و تجارتی مراکز
ملینیم مال، ڈولمین مال کلفٹن، لکی ون مال، ایٹریئم مال، اور گلستانِ جوہر، نارتھ ناظم آباد، طارق روڈ و صدر کے بڑے شاپنگ سینٹرز۔

عوامی اجتماعات کی جگہیں
کلفٹن بیچ، سی ویو، ایمپریس مارکیٹ، فریئر ہال، قائدِ اعظم کا مزار، پورٹ گرینڈ اور قریبی تفریحی مقامات۔

نقل و حمل کے مراکز
جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ، کراچی کنٹونمنٹ ریلوے اسٹیشن، سٹی اسٹیشن سمیت کراچی ڈویژن کے تمام ریلوے اسٹیشن۔

تعلیمی ادارے
جامعہ کراچی، این ای ڈی یونیورسٹی، ڈاؤ یونیورسٹی، اقراء یونیورسٹی، اور شہر کے تمام سرکاری و نجی اسکول، کالجز، اکیڈمیز۔

اعلان میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی ادارے چھٹیوں، ویک اینڈز اور آف ٹائمنگز کے دوران بھی ہائی الرٹ رہیں، اور شام 7 بجے کے بعد غیر مجاز داخلے کی اجازت نہ دیں۔مالز اور مارکیٹس میں واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز، اور 100 فیصد چیکنگ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔تمام داخلی راستوں پر اضافی مسلح گارڈز تعینات کیے جائیں، جبکہ سی سی ٹی وی فیڈ قریبی پولیس اسٹیشن سے منسلک ہو۔تعلیمی اداروں کے لیے صرف ایک گیٹ کھلا رکھنے، لیڈی سرچرز کی تعیناتی، گیٹ سے 100 میٹر کے اندر پارکنگ پر پابندی، اور مشکوک گاڑیوں یا افراد کی فوری اطلاع دینے کے احکامات دیے گئے ہیں۔

عوام کے لیے ہدایات کی گئی ہیں کہ غیر ضروری طور پر ہجوم والی جگہوں پر جانے سے گریز کریں۔گاڑیوں کو غیر محفوظ مقامات پر کھڑا نہ کریں۔مشکوک بیگز یا اشیاء کی فوری اطلاع 15 یا رینجرز واٹس ایپ نمبر 1101 پر دیں،چیکنگ کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں سے مکمل تعاون کریں۔

Shares: