کراچی : دفاع وطن کونسل کے تحت بنیان مرصوص کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مذہبی، سیاسی رہنماؤں و جید علمائے کرام نے کہا ہے کہ عظیم فتح پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ افواج پاکستان نے دنیا میں اپنی برتری کا سکہ جما دیا۔ جارحیت کے مرتکب بھارت کو جواب دینے پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پاکستان اسلام کے نام پر بنا ہے، اس کے دفاع کے لیے ہم متحد ہیں۔ مودی نے اس خطے کو تباہی کے دہانے پر کھڑا کیا۔ اگر بھارت نے مودی سے چھٹکارا حاصل نہ کیا تو بھارت تباہ ہوجائے گا۔ آپریشن بنیان مرصوص تاریخ میں جرات و بہادری کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار شیخ الاسلام مفتی تقی عثمانی، مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمن، مدیر جامعہ بنوریہ العالمیہ مفتی نعمان نعیم، جنرل سیکرٹری جمعیت علمائے اسلام سندھ علامہ راشد محمود سومرو، جنرل سیکرٹری اہلسنت والجماعت مولانا اورنگ زیب فاروقی، معروف عالم دین مولانا منظور احمد مینگل، صدر مرکزی مسلم لیگ سندھ فیصل ندیم، مصروف عالم دین مفتی طارق مسعود، مدیر جامعہ الدراسات الاسلامیہ مفتی یوسف کشمیری، رہنما ملی یکجہتی کونسل سندھ حافظ محمد انور، جنرل سیکرٹری اہلسنت والجماعت کراچی تاج محمد حنفی، صوبائی رہنما جمعیت علمائے اسلام مفتی غیاث الدین، ناظم اعلی جماعت غربا اہلحدیث مفتی انس مدنی، شیخ الحدیث جامعۃ الرشید مفتی محمد، رہنما تنظیم اہلسنت مفتی رفیع الرحمن، معروف اسکالر علامہ لیاقت حسین اظہری، رہنما جمعیت علمائے اسلام س مفتی حماد اللہ مدنی، اہلسنت والجماعت کے رہنما شکیل الرحمن، عالم دین مظفر حسین شاہ، رہنما مرکزی جمعیت اہلحدیث مزمل صدیقی و دیگر نے کیا۔ باغ جناح میں منعقد کیے گئے کانفرنس میں ہزاروں شہریوں نے شرکت کی۔ شرکا کا جوش و جذبہ قابل دید تھا۔ شرکا نے پاکستان کے پرچم تھام رکھے تھے اور افواج پاکستان کو زبردست کامیابی پر خراج تحسین پیش کی۔
شیخ الاسلام مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ فتح عظیم پر شکر ادا کرنے کے لیے مزار قائد کے پہلو میں جمع ہیں۔ مسلمان ایک عرصہ سے مایوسی کا شکار تھے۔ مسلمانوں کی فتح و نصرت کی خبر کے لیے کان بے تاب رہتے تھے۔ آج پاکستان کا ہر فرد خوشی کے جذبات سے لبریز ہے۔ پاکستان کی افواج نے ساری دنیا میں اپنی برتری کا سکہ جمایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ناقابل شکست ہے، پانچ گنا دگنی فوج پر فتح مبین ملی ہے۔ انڈیا نے آپریشن کا نام سندور رکھا اور اس کو عورتوں کا آپریشن قرار دیا۔ پاکستان نے آپریشن کو بنیان مرصوص قرار دیا اور اپنا لوہا منوایا۔ 1965 میں بزدل دشمن کو شکست دی تھی اور آج بھی ہم سرخرو ہوئے۔ ہم اللہ کے شکر گزار ہیں کہ اس نے ہماری لاج رکھی۔ پاکستان نے دشمن کے شہریوں پر نہیں بلکہ فوجی تنصیبات پر حملہ کیا۔ مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ فتح صرف مادی ساز و سامان کی وجہ سے نہیں بلکہ اللہ پر توکل سے ممکن ہوئی ہے۔ ہم اس فتح عظیم پر تکبر کی بجائے اللہ کا شکر ادا کریں۔ آج تجدید عہد کا دن ہے، اس ملک کو اسلام کے تابع بنائیں گے۔ ہم عزم کرتے ہیں کہ ملک کی خدمت کے لیے جان و مال کی قربانی پیش کریں گے۔ اس ملک کو کرپشن اور رشوت سے پاک کریں گے۔ ہم فروعی اختلافات کو خیر باد کہہ کر افواج پاکستان کی پشت پر کھڑے رہیں گے۔
مفتی اعظم منیب الرحمن نے کہا کہ پاکستان نے قوت میں کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دی۔ ہم اس عظیم کامیابی پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ پاکستان کے عوام کو ہندوستان کے عوام کے ساتھ مسئلہ نہیں ہے۔ مسئلہ مودی نے پیدا کیا جو آر ایس ایس کے انتہا پسند نظریات کا حامل ہے۔ مودی نے اس خطے کو عذاب میں مبتلا کیا ہے۔ بھارت اس خطے کا چیپمئن بننا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے عوام اپنے ملک میں امن کے ساتھ رہیں۔ اس خطے کو نفرت کی آگ میں جلانے کی بجائے پرامن بقائے باہمی کا پیغام دیا جائے۔ چند دن کی جنگ نے پیغام دیا ہے کہ اسلحے کے تکبر میں پاکستان کو شکست نہیں دی جاسکتی۔ اگر بھارت نے مودی سے چھٹکارا حاصل نہ کیا تو پورا بھارت تباہ ہوسکتا ہے۔ جنگ ہماری ترجیح نہیں لیکن جب جنگ مسلط کی جائے تو پھر جرات کا مظاہرہ کیا جائے۔پاکستانی قوم اس فتح پر اللہ کا شکر ادا کرے۔ مدیر جامعہ بنوریہ العالمیہ مفتی نعمان نعیم نے کہا کہ ہم افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے جمع ہوئے ہیں۔ دنیا نے دیکھ لیا کہ افواج پاکستان نے اپنی اہلیت ثابت کر دی۔ ہم سب متحد ہیں اور پاکستان کا دفاع کرتے رہیں گے۔ ہمیں اپنی افواج کی قدر کرنی چاہیے، ہماری فوج مضبوط بنیادوں پر کھڑی ہے۔
جنرل سیکرٹری جمعیت علمائے اسلام سندھ علامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ پاکستان اور افواج پاکستان کے ساتھ یکجہتی کے لیے جمع ہوئے ہیں۔ ہم دفاع وطن کے لیے کل بھی ایک تھے اور آج بھی ایک ہیں۔افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔ پاکستان نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا۔
جنرل سیکرٹری اہلسنت والجماعت پاکستان مولانا اورنگزیب فاروقی نے کہا کہ ہم شکر بجا لاتے ہیں کہ اللہ نے ہمیں فتح نصیب کی۔ ہم افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ آج پوری دنیا میں لوگ پاکستان کی اہلیت کو مان رہے ہیں۔ پاکستان کی جنگ کو صرف جنگ کے طور پر نہ دیکھا جائے۔ پاکستان کی جنگ مدینہ طیبہ کے نظریے کی جنگ ہے۔ پاکستان مدینہ طیبہ کا ترجمہ ہے، اس ملک کی حفاظت پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
معروف عالم دین مولانا منظور احمد مینگل نے کہا کہ پاکستان کی فتح پر پوری دنیا کے مسلمان خوشی منا رہے ہیں۔ اللہ نے افواج پاکستان کی ساکھ کو برقرار رکھا۔ مدارس کے طلبا اور علما نے ہمیشہ افواج اور پاکستان کا ساتھ دیا۔ فروعی اختلافات کے باوجود ہم پاکستان کے دفاع کے معاملے پر ایک ہیں۔
صدر مرکزی مسلم لیگ سندھ فیصل ندیم نے کہا کہ پاکستان میں ہم سیاسی طور پر تقسیم ہوگئے تھے۔ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات رونما ہو رہے تھے۔ ہم مودی کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ تمام پاکستانی متحد ہوگئے۔ افواج پاکستان کو عظیم کامیابی پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ معروف عالم دین مفتی طارق مسعود نے کہا کہ پاکستان کی عظیم فتح پر پوری قوم کو مبارک باد دیتا ہوں۔ پاکستان میں ہم سب ایک دوسرے سے لڑ رہے تھے۔ دشمن نے وار کیا تو تمام پاکستانی متحد ہوگئے۔ افواج پاکستان نے ہمارا سر دنیا بھر میں فخر سے بلند کر دیا۔
مدیر جامعہ الدراسات الاسلامیہ مفتی یوسف کشمیری نے کہا کہ اللہ نے پاکستان کو عظیم فتح دی ہے۔ مودی نے تکبر میں آکر پاکستان پر حملہ کیا۔ دہشت گردی کے مرتکب بھارت کو پاکستان نے بھرپور جواب دیا۔ پاکستان کلمہ کی بنیاد پر قائم ہے اور قائم رہے گا۔
رہنما ملی یکجہتی کونسل سندھ حافظ محمد انور نے کہا کہ اللہ نے پاکستان کی مدد کی اور بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا۔ خطے میں چوہدراہٹ کا خواب دیکھنے والا بھارت رسوا ہوگیا۔
جنرل سیکرٹری اہلسنت والجماعت کراچی تاج محمد حنفی نے کہا کہ بزدل دشمن کو افواج پاکستان نے منہ توڑ جواب دیا۔ انڈیا نے ہمیشہ دہشت گردی کا الزام پاکستان پر لگایا اور رات کی تاریکی میں حملہ کیا۔
صوبائی رہنما جمعیت علمائے اسلام مفتی غیاث الدین نے کہا کہ افواج پاکستان کو سلام پیش کرتا ہوں۔ ایک عرصہ بعد مسلمانوں کو خوشی ملی ہے، اس پر ہم سب شکر ادا کرتے ہیں۔
ناظم اعلی جماعت غربا اہلحدیث مفتی انس مدنی نے کہا کہ اللہ نے پاکستان کو عزت دی جس کا انڈیا سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔ افواج پاکستان صلاحیت رکھتی ہے، پاکستان نے شہریوں پر حملہ نہیں کیا۔
شیخ الحدیث جامعۃ الرشید مفتی محمد نے کہا کہ اللہ نے پاکستان کو دنیا بھر میں نمایاں کر دیا۔ پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ ہے، اتحاد کا یہ مظاہرہ خوش آئند ہے۔ رہنما تنظیم اہلسنت مفتی رفیع الرحمن نے کہا کہ مودی کی حکومت نے پاکستان کے حوالے سے غلط اندازے لگائے۔ پاکستان نے دنیا بھر میں مسلمانوں کو خوشی دی۔
معروف اسکالر علامہ لیاقت حسین اظہری کشمیر کا مسئلہ ایک مرتبہ پھر زندہ ہوا۔ کشمیر پاکستان بنے گا اور بھارت ناکام ہوگا۔ رہنما جمعیت علمائے اسلام س مفتی حماد اللہ مدنی نے کہا کہ اللہ نے پاکستان کو فتح مبین نصیب فرمائی۔ ہم سب افواج پاکستان کے ساتھ ہیں۔
اہلسنت والجماعت کے رہنما شکیل الرحمن نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا ہے اور اس ملک نے قائم رہنا ہے۔ ہم نے دشمن کو پیغام دیا ہے کہ اس ملک کی طرف میلی آنکھ سے نہ دیکھے۔ عالم دین مظفر حسین شاہ نے کہا کہ اللہ نے پانچ گنا بڑے دشمن پر پاکستان کو فتح عطا فرمائی۔پاک فضائیہ نے اہل اسلام کے سر کو فخر سے بلند کیا۔ رہنما مرکزی جمعیت اہلحدیث مزمل صدیقی نے کہا کہ اللہ نے پاکستان کو سرخرو کیا۔ہم پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کریں گے۔








