پاکستان کے حساس اور تفتیشی اداروں نے بھارت کی بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی "را” کا ایک بڑا نیٹ ورک بے نقاب کر دیا ہے۔ اس حوالے سے ایڈیشنل آئی جی کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ سندھ آزاد خان اور ڈی آئی جی نے کراچی میں ایک اہم اور ہنگامی پریس کانفرنس کی۔

پریس کانفرنس کے دوران بتایا گیا کہ 18 مئی 2025 کو سندھ کے ضلع بدین کی تحصیل ماتلی میں ایک شہری کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد واقعے کو محض ذاتی دشمنی قرار دیا جا رہا تھا، تاہم تفتیش کی گہرائی میں جانے کے بعد اس میں بیرونی ہاتھ سامنے آیا۔ایڈیشنل آئی جی آزاد خان نے انکشاف کیا کہ اس حملے کی منصوبہ بندی بھارت کے خفیہ ادارے را کے ایجنٹ سنجے سنجیو کمار عرف "فوجی” نے کی تھی۔یہ شخص ایک خلیجی ریاست میں مقیم ہے اور وہیں سے نیٹ ورک کو کنٹرول کرتا رہا۔ سنجے نے پاکستان میں تخریب کاری اور ٹارگٹ کلنگ کے لیے مقامی افراد کو پیسوں کے عوض ہائر کیا۔

افسران کے مطابق سنجے نے سلمان نامی پاکستانی شہری کو اس ٹاسک کے لیے بھرتی کیا جو شیخوپورہ کا رہائشی ہے۔ سلمان نے را سے مالی معاونت حاصل کر کے ماتلی میں قتل کی واردات انجام دی۔ اس کے علاوہ تفتیش کے دوران اس نیٹ ورک سے جڑے مزید افراد کے بارے میں بھی معلومات حاصل ہو چکی ہیں، جنہیں جلد گرفتار کیا جائے گا۔

ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ سی ٹی ڈی اور دیگر ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں اور دشمن عناصر کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ اُن کا کہنا تھا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی "را” پاکستان میں بدامنی پھیلانے کے لیے سرگرم ہے، لیکن ہمارے ادارے اُس کے تمام ناپاک عزائم کو ناکام بنا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ کامیابی اداروں کی مربوط حکمتِ عملی، خفیہ اطلاعات اور مسلسل نگرانی کا نتیجہ ہے

Shares: