کراچی: نارتھ ناظم آباد میں "ہم نیوز” کی صدر سلطانہ صدیقی کے نام پر ایک نئی سڑک کا افتتاح کر دیا گیا۔ اس اہم موقع پر ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہ سلیم، معروف شخصیت ڈاکٹر سیف الرحمان، بشری انصاری، روبینہ اشرف، احمد شاہ، فرحان عیسی، اور ایس ایس پی زیشان صدیقی سمیت مختلف اہم شخصیات نے شرکت کی۔
افتتاحی تقریب میں ٹاؤن چیئرمین عاطف علی خان اور کئی دیگر معروف اداکاراؤں اور سیلیبریٹیز کی موجودگی نے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔ ان میں خاص طور پر ڈان نیوز کے مالک حمید ہارون اور طارق مصطفی کی خصوصی شرکت بھی قابلِ ذکر تھی۔مومنہ اینڈ درید فاؤنڈیشن کے سربراہ درید قریشی اور شنید قریشی نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر شنید قریشی نے اپنی والدہ کی خدمات کے اعتراف میں سڑک کا نام سلطانہ صدیقی کے نام پر رکھنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا:”میری والدہ کی خدمات کے اعتراف میں سڑک کا نام رکھا گیا، اس پر میں دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔”درید قریشی نے اس بات پر بھی اظہار خیال کیا کہ "ہم جب بھی ضلع وسطی آتے ہیں تو یہاں کوئی نہ کوئی نیا کام ہورہا ہوتا ہے، جو اس علاقے کی ترقی اور خوشحالی کا عکاس ہے۔”
ڈپٹی کمشنر طحہ سلیم نے سلطانہ صدیقی کی عظمت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا”سلطانہ صدیقی صاحبہ اس ملک کا فخر ہیں، اور ان سے بہت کچھ سیکھا جا سکتا ہے۔”تقریب کے دوران ایس ایس پی سینٹرل زیشان صدیقی نے سلطانہ صدیقی کو ایک شیلڈ بھی پیش کی، یہ تقریب اس بات کا عکاس ہے کہ سلطانہ صدیقی کی خدمات کو نہ صرف عوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے بلکہ ان کی شخصیت کو قومی سطح پر بھی تسلیم کیا جا رہا ہے۔