اسلام آباد سے دبئی جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز میں دورانِ سفر ایک مسافر کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی، جس کے باعث طیارے کو ہنگامی طور پر کراچی ایئرپورٹ پر اتارنا پڑا۔
ذرائع کے مطابق پرواز کے کپتان نے صورتحال کی سنگینی دیکھتے ہوئے فوری طور پر کراچی ایئرپورٹ کے ایئر ٹریفک کنٹرولر سے رابطہ کیا اور ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔ ایئر ٹریفک کنٹرول کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد طیارے کو مقررہ وقت سے قبل کراچی ایئرپورٹ پر اتارا گیا۔ایئرپورٹ حکام کے مطابق مسافر کی طبی امداد کے لیے پہلے سے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور ایمبولینس کو الرٹ کردیا گیا تھا۔ طیارہ لینڈ کرنے کے ساتھ ہی میڈیکل ٹیم نے متاثرہ مسافر کو فوری طبی امداد فراہم کی اور بعدازاں ایمبولینس کے ذریعے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ذرائع نے مزید بتایا کہ ایئرلائن کی پرواز تمام ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد کچھ ہی دیر میں دوبارہ دبئی کے لیے روانہ ہوجائے گی۔ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے واقعات میں انسانی جان کو اولین ترجیح دی جاتی ہے اور اسی مقصد کے تحت مسافر کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔