کراچی: کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس بلاک 2 میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں 12 سالہ گھریلو ملازمہ پر بہیمانہ تشدد کے الزام میں پولیس نے میاں بیوی کو گرفتار کرلیا ہے۔

پولیس کے مطابق متاثرہ بچی گھر کے اندر کام کر رہی تھی کہ اس دوران دوپٹہ جلنے کا واقعہ پیش آیا۔ اس پر گھر کی مالکن نے انتہائی سفاکانہ رویہ اپناتے ہوئے بچی کو استری سے داغ دیا۔ تشدد کے باعث بچی کی حالت تشویش ناک ہوگئی اور اسے فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کے جسم پر شدید جلنے کے نشانات کی تصدیق کی ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی کارروائی عمل میں لائی گئی اور تشدد کرنے والے میاں بیوی کے خلاف مقدمہ درج کرکے دونوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ ان کے خلاف فوجداری دفعات کے تحت کارروائی کی جارہی ہے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق متاثرہ بچی کا تعلق ایک غریب گھرانے سے ہے اور وہ گزشتہ کئی ماہ سے مذکورہ فلیٹ میں ملازمہ کے طور پر کام کر رہی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ یہ پتہ لگایا جا سکے کہ بچی پر پہلے بھی تشدد کیا جاتا تھا یا یہ پہلا واقعہ ہے۔

Shares: