ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو سے کمیونٹی پولیسنگ کراچی کے چیف مراد سونی کی قیادت میں آٹھ رکنی وفد نے ملاقات کی۔
باغی ٹی وی کے مطابق ملاقات میں سی پی کے چیف مراد سونی کے ہمراہ ذیشان حبیب، خرم، سہیل، عقیق اقبال، محمد امین اور دیگر اراکین شریک تھے۔وفد نے پولیس چیف سے ملاقات میں کراچی میں قیامِ امن کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا اور پولیس کی کاوشوں پر مسرت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وفد نے مختلف علاقوں میں درپیش سیکیورٹی مسائل سے آگاہ کیا، جنہیں ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔سی پی کے چیف مراد سونی نے شہر میں سی سی ٹی وی کیمروں کی اپ گریڈیشن اور ٹیکنیکل معاونت کے لیے تجاویز پیش کیں، جن پر ایڈیشنل آئی جی نے غور کرنے کا عندیہ دیا۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ سی پی کے کے تحت نصب کیے گئے کیمروں نے جرائم کی روک تھام میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور اسٹریٹ کرائم کے خاتمے میں مدد فراہم کی ہے۔ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے اس موقع پر کہا کہ پولیس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے، سیف سٹی پروجیکٹ پر تیزی سے کام جاری ہے جبکہ ایس فور پروجیکٹ کو مزید اپڈیٹ کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو بہتر سیکیورٹی فراہم کی جا سکے۔ملاقات کے اختتام پر وفد نے پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔