کراچی،باغی ٹی وی (ڈاکٹربشیربلوچ نمائندہ خصوصی) قاتل ڈمپر کی تباہ کاریاں جاری، کورنگی کراسنگ پر 3 افراد جاں بحق
کراچی کی سڑکوں پر بے قابو ڈمپر کا راج برقرار، ایک اور حادثے میں 3 قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق کورنگی کراسنگ پر ایک تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار تین افراد کو روند ڈالا، جس کے نتیجے میں تینوں موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
حادثے کے بعد مشتعل شہریوں نے ڈمپر کو آگ لگا دی جبکہ ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
یہ پہلا واقعہ نہیں، بلکہ دو روز قبل ملیر ہالٹ میں ڈمپر کی ٹکر سے باپ اور بیٹا جاں بحق ہو گئے تھے، جبکہ اسی روز گلستانِ جوہر میں ملینیئم شاپنگ مال کے قریب ایک اور حادثے میں میاں بیوی سمیت 3 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
ریسکیو اداروں کے مطابق کراچی میں رواں سال اب تک مختلف ٹریفک حادثات میں 71 افراد جاں بحق اور 1044 زخمی ہو چکے ہیں۔ بے قابو ڈمپر شہریوں کے لیے موت کا پیغام بن چکے ہیں، لیکن انتظامیہ کی جانب سے مؤثر اقدامات اب تک نہ کیے جا سکے۔








