کراچی،باغی ٹی وی (نمائندہ خصوصی) شہر قائد کے علاقے گارڈن عثمان آباد میں پانی کی عدم فراہمی پر علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا، واٹر بورڈ کے خلاف نعرے بازی کی اور فوری پانی کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو ماہ سے پانی کی فراہمی معطل ہے، جس سے روزمرہ زندگی مفلوج ہوچکی ہے۔ رمضان المبارک میں سحری اور افطار کے وقت پانی کی قلت نے شہریوں کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔

احتجاجی مظاہرین واٹر بورڈ کے دفتر پہنچے اور پانی کے وال کو کھولنے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تین ماہ سے وال خراب ہے، مگر متعلقہ حکام ٹس سے مس نہیں ہو رہے۔

احتجاج کے باعث گارڈن عثمان آباد اور گھاس منڈی کے اطراف ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

مظاہرین نے متنبہ کیا کہ اگر پانی کی فراہمی فوری بحال نہ کی گئی تو احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیا جائے گا۔

Shares: