کراچی ،باغی ٹی وی (نمائندہ خصوصی)کراچی کے علاقے ٹیپو سلطان میں ایک نجی ہوٹل کے کمرے سے خاتون کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس اور کرائم سین یونٹ کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کی شناخت ارم کے نام سے ہوئی ہے اور وہ چنیسر گوٹھ کی رہائشی تھی۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ ارم گزشتہ شام کو اپنے سابق شوہر کے ہمراہ ہوٹل آئی تھی۔ پولیس کا شبہ ہے کہ ارم کو اس کے سابق شوہر نے تیز دھار آلے سے قتل کیا ہے۔
ملزم کی گرفتاری کے لیے صدر، سٹی کالونی، برنس روڈ اور آئی آئی چندریگر روڈ پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزم قصاب ہے اور برنس روڈ پر گوشت کی دکان چلاتا ہے۔
پولیس نے ہوٹل میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز حاصل کر لی ہیں اور ہوٹل کے عملے کے بیانات بھی قلمبند کیے جا رہے ہیں۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔