پشاور:خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 45 پر ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف نے میدان مارلیا۔اس حلقے سے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان بھاری لیڈ سے کامیاب ہوگئے ہیں
غیر ختمی غیر سرکاری تنائج کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان 20 ہزار 748 ووٹ لے کر جیت گئے جبکہ حکمران اتحاد کے حمایت یافتہ جے یو آئی امیدوار جمیل خان 12 ہزار 718 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہا۔ این اے 45 کی نشست پر پاکستان تحریک انصاف کے رکن فخر زمان کے مستعفی ہونے سے خالی ہوئی تھی۔
حلقے میں کل رجسٹرڈ ووٹرزکی تعداد ایک لاکھ 98 ہزار618 ہیں جن میں سے مرد ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 11 ہزار349 ہے جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد87 ہزار 269 ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق حلقے میں کل 143 پولنگ اسٹشنز قائم کئے گئے تھے۔
خیال رہے کہ تحریک انصاف کی وفاقی حکومت کے خاتمے کے بعد خیبر پختونخوا میں ہونے والے تمام ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی ہی کامیاب ہوئی ہے۔