خیبر (باغی ٹی وی رپورٹ) خیبر کے دور افتادہ علاقے تودہ میلہ چورا خوڑ میں علی مسجد پولیس نے انٹیلی جنس بیس کارروائی کے دوران منشیات کی بھاری مقدار برآمد کر لی۔ پولیس نے 38 کلوگرام افیون اور 122 کلوگرام چرس قبضے میں لے کر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، اور ان کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رائے مظہر اقبال کو خفیہ اطلاعات موصول ہوئیں کہ ایک بین الصوبائی منشیات اسمگلنگ گروہ ملک کے دیگر حصوں میں منشیات سپلائی کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ ایس ایچ او علی مسجد غفار خان اور ایڈشنل ایس ایچ اوز نصیب خان اور آفتاب خان کی قیادت میں پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کی۔ تاہم، اسمگلروں نے پولیس کو دیکھتے ہی پہاڑی راستوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی، لیکن پولیس نے منشیات کی بڑی کھیپ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
پکڑی گئی منشیات کی مالیت کروڑوں روپے ہے۔ ڈی پی او خیبر رائے مظہر اقبال نے قوم سے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کے تعاون سے علاقے کو منشیات کی لعنت سے پاک کر کے دم لیں گے۔