کراچی: شہر قائد کے علاقے گلشن اقبال کے ایک فلیٹ سے 3 خواتین کی لاشیں ملی ہیں۔
پولیس کے مطابق گلشن اقبال بلاک ون عابد ٹاؤن میں فلیٹ سے 3 خواتین کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ جبکہ ایک شخص کو بےہوشی کی حالت میں نکالا گیا ہے۔ جسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خواتین کی موت کیسے ہوئی؟ تحقیقات کر رہے ہیں فلیٹ سے ملنے والے خواتین کی شناخت 52 سالہ ثمینہ، 22 سالہ ماہا اور 19 سالہ ثمرین کے نام سے ہوئی ہے جبکہ بےہوشی کی حالت میں ملنے والے شخص کی شناخت 30 سالہ یاسین کے نام سےہوئی،جاں بحق ہونے والی خواتین آپس میں ماں، بیٹی اور بہو ہیں۔
حکام کے مطابق فوری طور پر اموات کا معلوم نہیں ہو سکا ہے ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ خواتین کی موت کسی زہریلی چیز کھانے سے ہوئی، تاہم جائے وقوعہ سے ابھی تک ایسے شواہد نہیں مل سکے جن سے موت کی وجہ کا حتمی تعین کیا جا سکے،تاہم تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کیے جا رہے ہیں، ایک خاتون کی لاش کئی دن پرانی معلوم ہوتی ہےجبکہ دو خواتین کی لاشیں چند گھنٹے پرانی معلوم ہوتی ہیں۔
پولیس کے مطابق یہ خاندان کچھ عرصہ قبل رینچھور لائن سے گلشن اقبال منتقل ہوا تھا جبکہ گھر کے سربراہ کی ذہنی حالت بھی درست نہیں،دوسری جانب رہائشی پروجیکٹ کی انتظامیہ نے میڈیا کو عمارت میں داخلے سے روک دیا ہے جبکہ پولیس واقعے کی تفتیش مختلف پہلوؤں سے کر رہی ہے۔








