امرتسر میں گولڈن ٹمپل بند نہیں ہو سکتا تو گوردوارہ کرتار پور صاحب بھی بند نہیں ہونا چاہئے
بھارتی پنجاب میں سکھوں کی مختلف نمائندہ تنظیموں نے بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ کیپٹن مہاراجہ امریندر سنگھ کولکھے گئے ایک مشترکہ خط میں کہا ہے کہ سکھوں کے مقدس مقام گوردوارہ کرتارپور صاحب کو جانے والی راہداری کو کھولا جائے اور اس کے ساتھ ساتھ حکومت پاکستان سے درخواست کی جائے کہ سکھوں کو گردوارہ میں ان کی مذہبی رسومات ادا کرنے کی اجازت دی جائے. امرتسر میں سکھوں کے اہم لیڈر گورشرن سنگھ کی طرف سے لکھے گئے اس خط میں کہا گیا ہے کہ اگر امرتسر میں گولڈن ٹمپل بند نہیں ہو سکتا تو گوردوارہ کرتار پور صاحب بھی بند نہیں ہونا چاہئے. واضح رہے کہ پاکستان نے کورونا وائرس کے پیش نظر گوردوراہ کرتار پور صاحب میں پاکستانی زائرین کے داخلے پر پابندی عائد کی تھی جب کہ بھارت کی طرف سے بھارتی سکھوں کو راہداری استعمال کرنے سے روکنے کے بعد پاکستان نے پاک بھارت بارڈر بند کر دئے تھے.