تل ابیب اور تہران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث مشرق وسطیٰ کے متعدد ممالک میں فضائی سفر شدید متاثر ہوا ہے۔ اسرائیل کی جانب سے ایران پر جمعہ کو کیے گئے فضائی حملوں کے بعد دنیا کی کئی بڑی ایئرلائنز نے ایران، عراق اور دیگر علاقائی ممالک کے لیے اپنی پروازیں معطل یا منسوخ کر دی ہیں۔

قطر ایئرویز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر ایران اور عراق کے لیے پروازیں عارضی طور پر منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ایئرلائن کے مطابق ایران کے تین اہم ہوائی اڈے بشمول دارالحکومت تہران اور عراق کے پانچ ہوائی اڈے بشمول بغداد متاثر ہوئے ہیں۔متحدہ عرب امارات کی معروف ایئرلائن "ایمرٹس” نے بھی اعلان کیا ہے کہ جمعہ اور ہفتہ کے دنوں کے لیے عراق، اردن، لبنان اور ایران کے لیے تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔بھارت کی سرکاری ایئرلائن "ایئر انڈیا” نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر بتایا کہ ایران کی فضائی حدود کی بندش اور مسافروں کی حفاظت کے پیش نظر درجنوں پروازیں موخر یا واپس روانہ کی گئی ہیں۔ متاثرہ پروازوں میں نیویارک، لندن، وینکوور اور واشنگٹن سے آنے اور جانے والی پروازیں شامل ہیں۔

خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی نہ صرف زمینی بلکہ فضائی سلامتی کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو رہی ہے۔ ایوی ایشن ماہرین کے مطابق اگر صورتحال برقرار رہی تو مزید ایئرلائنز بھی اپنی پروازیں محدود یا منسوخ کر سکتی ہیں، جس کے عالمی سفر پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔

Shares: