گوجرانوالہ باغی ٹی وی (نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) کے مطابق سول سوسائٹی اور ضلعی انتظامیہ گوجرانوالہ کے زیراہتمام یومِ سیاہ و اظہارِ یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی۔ ریلی کا آغاز ڈپٹی کمشنر آفس سے ہوا جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے کی۔ اے ڈی سی جنرل شبیر فیصل سلطان، اسسٹنٹ کمشنرز، سی ای اوز ہیلتھ و ایجوکیشن، سول ڈیفنس، میونسپل کارپوریشن، ضلع کونسل، ریسکیو، ایجوکیشن، ہیلتھ، کالجز سمیت مختلف محکموں کے افسران، ملازمین، طلبہ اور میڈیا نمائندے بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ شرکاء نے کشمیر و پاکستان کے پرچم اٹھا رکھے اور بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف “کشمیر بنے گا پاکستان” کے نعرے لگائے۔ ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے کہا کہ بھارت گزشتہ 78 سال سے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کیے ہوئے ہے، لیکن وہ وقت دور نہیں جب آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں، پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ریلی کے اختتام پر کشمیر اور پاکستان کی سلامتی کے لیے دعا کی گئی۔

سیالکوٹ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو) کے مطابق کچہری چوک میں ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی کی زیر صدارت یومِ سیاہ کشمیر ریلی منعقد ہوئی جس میں ضلعی افسران، سول سوسائٹی، طلبہ اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ شرکاء نے قومی و کشمیری پرچم اور بھارتی مظالم کے خلاف بینرز اٹھا رکھے تھے۔ ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے جب بھارت نے ناجائز قبضہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کا جذبۂ حریت ماند نہیں پڑا، آزادی ان کا پیدائشی حق ہے جسے دبایا نہیں جا سکتا۔ پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے اصولی مؤقف کی حمایت کرتا رہے گا۔

سیالکوٹ (نامہ نگار محمد طلحہ) کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے تحت تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں یومِ سیاہ کے حوالے سے تقاریب، واکس، پوسٹر نمائشیں اور تقاریر کا انعقاد کیا گیا۔ طلبہ نے آزادیٔ کشمیر کے حق میں پلے کارڈز اٹھا رکھے اور تقاریر میں بھارتی جارحیت کی مذمت کی۔ اساتذہ نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی حمایت ہمیشہ جاری رکھے گا۔

بہاولنگر (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد عرفان) کے مطابق ڈی پی ایس اسکول میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی۔ پرنسپل کی قیادت میں اساتذہ، طلبہ اور والدین نے شرکت کی۔ “کشمیر بنے گا پاکستان” اور “ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں” کے نعرے لگائے گئے۔ پرنسپل نے کہا کہ “کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اور طلبہ میں بیداری پیدا کرنا ہمارا قومی فریضہ ہے۔”

اسی طرح بہاولنگر میں سی او بلدیہ کی قیادت میں بلدیہ آفس سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی جس میں سرکاری افسران، طلبہ اور شہری شریک ہوئے۔ سی او بلدیہ نے کہا کہ “پاکستانی عوام ہر حال میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھیں گے۔”

علاوہ ازیں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام بہاولنگر میں ایک اور ریلی نکالی گئی جس میں ضلعی جنرل سیکرٹری حافظ امیر حمزہ رافع نے کہا کہ “کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، بھارت کے مظالم کشمیری عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، ان کی قربانیاں ایک دن ضرور رنگ لائیں گی۔”

ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر جواد اکبر) کے مطابق ضلع بھر میں یومِ سیاہ عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ مرکزی ریلی ڈپٹی کمشنر آفس سے شروع ہو کر کچہری چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عثمان بخاری نے کی۔ ریلی میں سول سوسائٹی، علمائے کرام، طلبہ، وکلا، پولیس، ریسکیو، اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ مقررین نے کہا کہ 27 اکتوبر کشمیری عوام کی تاریخ کا سیاہ دن ہے اور پاکستان ہر فورم پر کشمیری بھائیوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) کے مطابق ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج اور ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی قیادت میں عظیم الشان ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں سینکڑوں افراد شریک ہوئے۔ شرکاء نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیریوں سے یکجہتی کے نعرے درج تھے۔ چوہدری ریاض الحق جج نے کہا کہ بھارت گزشتہ 78 سال سے کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہا ہے مگر کشمیری عوام آزادی کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان نے کہا کہ آج کا دن اس عزم کی تجدید ہے کہ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی۔

گھوٹکی (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری) کے مطابق اوباڑو میں اسسٹنٹ کمشنر صہیب الٰہی کی سربراہی میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں شہریوں، سرکاری ملازمین اور طلبہ کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ شرکاء نے کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے حق میں نعرے لگائے اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔

ننکانہ صاحب سے احسان اللہ ایاز کی رپورٹ کے مطابق ننکانہ صاحب 27 اکتوبر کو یومِ سیاہ بھرپور قومی و ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ، سیاسی و سماجی تنظیموں، علما کرام، طلبہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلیوں میں شرکت کی۔
ننکانہ صاحب میں یومِ سیاہ ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے کی، جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، ایس پی انویسٹی گیشن، اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر ضلعی افسران سمیت شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ ریلی کے آغاز میں سائرن بجایا گیا اور کشمیری شہداء کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ شرکاء نے "کشمیر بنے گا پاکستان” کے نعرے لگائے اور بھارتی مظالم کے خلاف بینرز، پلے کارڈز اور پاکستان و کشمیر کے پرچم اٹھا رکھے تھے۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی مثالی ہے، آزادی ان کا حق ہے اور پاکستانی قوم ہر سطح پر ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

کندھ کوٹ سے مختیاراحمداعوان کی رپورٹ کے مطابق کشمور کندھ کوٹ میں بھی ڈپٹی کمشنر آغا شیر زمان کی ہدایات پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سید غضنفر علی شاہ کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر آفس سے سول اسپتال تک ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں شہریوں، پولیس، سول سوسائٹی، صحافیوں، این جی اوز اور مختلف اداروں کے افسران کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ شرکاء نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے حق میں نعرے لگائے اور بھارت کے ناجائز قبضے کی مذمت کی۔ مقررین نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا جو آج تک جاری ہے، مگر کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور ہمیشہ پاکستان کا حصہ رہے گا۔

ملک بھر کی ان ریلیوں میں شرکاء نے یہ عزم دہرایا کہ بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف جدوجہدِ آزادی ہر سطح پر جاری رہے گی، اور پاکستان ہمیشہ کشمیری بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کرتا رہے گا۔

Shares: