باغی ٹی وی (نمائندگان کی رپورٹس)یوم استحصال کشمیر 2025: ملک بھر میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی، ریلیاں، تقاریر اور دعائیہ تقریبات

05 اگست 2025 کو ملک بھر میں یوم استحصال کشمیر قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ مختلف شہروں میں سرکاری و غیر سرکاری سطح پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلیوں، سیمینارز اور دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ عوام، سرکاری افسران، اساتذہ، طلباء، سماجی تنظیمیں اور سیاسی نمائندے بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ ریلیوں کا مقصد بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیر آئینی اقدام کی مذمت اور کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کے ساتھ مکمل حمایت کا اظہار تھا۔

اوکاڑہ: ضلعی کونسل سے عظیم الشان ریلی
اوکاڑہ میں ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی قیادت میں ضلع کونسل سے یوم استحصال کشمیر کی مناسبت سے ریلی نکالی گئی، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شجعین وسطرو، سی ای او ایجوکیشن محمد یوسف، انجمن تاجران، سول سوسائٹی، علما کرام، اساتذہ، میڈیا نمائندگان اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے پاکستانی اور کشمیری پرچم اٹھا رکھے تھے اور بھارت مخالف نعرے بلند کیے۔ ریلی کے دوران ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور "کشمیر بنے گا پاکستان” کے فلک شگاف نعرے گونجتے رہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بھارتی مظالم اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں اور پاکستانی قوم ہر محاذ پر کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گی۔

کندھ کوٹ: گھنٹہ گھر تک ریلی، اقوامِ متحدہ سے مؤثر کردار کا مطالبہ
ضلع کشمور کندھ کوٹ میں ڈپٹی کمشنر آغا شیر زمان کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر آفس سے گھنٹہ گھر تک ریلی نکالی گئی۔ ای ایس پی فراز، ڈی ایچ او ڈاکٹر اعجاز علی شاہ، اسسٹنٹ کمشنر سید علی رضا اور متعدد افسران نے شرکت کی۔ شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی ظلم کی مذمت اور کشمیریوں کی حمایت کے نعرے درج تھے۔ ڈپٹی کمشنر و دیگر مقررین نے کہا کہ کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے، اقوامِ متحدہ مسئلہ کشمیر پر عملی اقدامات کرے۔ مودی حکومت کی فاشزم پالیسیوں سے کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد کو دبایا نہیں جا سکتا۔

احمد پور شرقیہ: ریلی اور تقاریر میں کشمیری عوام کے حوصلے کو خراج تحسین
اوچ شریف سے باغی ٹی وی کے نمائندے کے مطابق احمد پور شرقیہ میں یومِ استحصال کے موقع پر ایک بڑی سرکاری ریلی نکالی گئی۔ اس کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر محمد نوید حیدر نے کی۔ ریلی میونسپل آفس سے چوک منیر شہید تک نکالی گئی، جس میں مختلف سرکاری محکموں، پولیس، ریسکیو 1122، ریونیو اسٹاف اور شہریوں نے شرکت کی۔ ریلی "کشمیر بنے گا پاکستان” کے نعروں سے گونجتی رہی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے اپنے خطاب میں بھارت کے 5 اگست 2019 کے اقدام کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت ہمیشہ جاری رکھے گا۔

ننکانہ صاحب: گوردوارہ جنم استھان تک مارچ، بچوں کے ٹیبلو اور ملی نغمے
ننکانہ صاحب میں یوم استحصال کی مرکزی تقریب ضلع کونسل ہال میں منعقد ہوئی۔ بچوں نے ملی نغمے اور ٹیبلو پیش کیے، جبکہ بعد ازاں ضلع کونسل سے گوردوارہ جنم استھان تک ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو اور ڈی پی او سید ندیم عباس نے کی۔ تمام مکاتب فکر، اقلیتی برادری، سرکاری افسران اور عام شہریوں نے شرکت کی۔ ایک منٹ کی خاموشی کے بعد بھارت مخالف نعرے لگائے گئے۔ مقررین نے اقوامِ متحدہ سے کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کو تسلیم کرنے اور بھارتی مظالم بند کروانے کا مطالبہ کیا۔ ریلی کے اختتام پر کشمیر کی آزادی اور پاکستان کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

ڈیرہ غازی خان: یونیورسٹی میں سیمینار، تقاریر اور دستاویزی فلم
ڈیرہ غازی خان یونیورسٹی میں حکومت پنجاب کی ہدایت پر یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ وائس چانسلر ڈاکٹر ارشد منیر، پروفیسر سعد اللہ لغاری، رجسٹرار ڈاکٹر آصف سمیت دیگر اساتذہ اور طلباء نے شرکت کی۔ مختلف زبانوں میں تقاریر پیش کی گئیں جن میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا گیا۔ طلباء نے ملی نغمے پیش کیے جبکہ شعبہ اُمور طلباء کی جانب سے کشمیر پر بنائی گئی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ مقررین نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کراتے ہوئے کشمیریوں کو حق خودارادیت دلائے۔

ملک بھر میں یومِ استحصال کشمیر بھرپور جذبے سے منایا گیا، جس میں شہریوں نے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بھارت کے ظلم و ستم کی شدید مذمت کی۔ مختلف شہروں میں نکالی جانے والی ریلیاں، تقاریر، نعروں اور دعاؤں کے ذریعے عالمی برادری کو یہ پیغام دیا گیا کہ پاکستانی قوم ہر صورت میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے، اور کشمیریوں کی آزادی تک ان کی حمایت جاری رہے گی۔

Shares: