وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سب کیلئے خطرہ ہے۔ مودی کے عزائم سب کے سامنے آچکے ہیں۔حالات کا تدبر کےساتھ مقابلہ کرنا ہے۔ ہمیں مناسب وقت پر اقدامات اٹھانا ہوں گے۔
آزادکشمیر اسمبلی میں یوم استحصال کشمیر سے متعلق قرارداد منظور
انہوں نے کہا کہ ہم مودی کی سوچ اور فلسفے کےخلاف ہیں۔بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کرنا چاہتا ہے۔ جب تک کشمیری زندہ ہیں اپنا فریضہ ادا کرتے رہیں گے۔ ہم مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کشمیر کو درندوں کے آگے نہیں چھوڑے گا۔ راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ نائن الیون کے بعد کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو بڑا نقصان ہوا۔اب جنگی بنیادپر سفارتی محاذ آرائی کی ضرورت ہے۔
قبل ازیں یوم استحصال کشمیر سے متعلق آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں قرارداد منظور کر لی گئی۔ قرارداد وزیراعظم آزاد کشمیر سردار فاروق حیدر نے پیش کی۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ قانون ساز اسمبلی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتی ہے۔قرارداد میں حریت قیادت کی گرفتاری کی مذمت کی گئی۔ اسی طرح حریت قیادت اورغیرملکی میڈیانمائندوں کی گرفتاری کی مذمت بھی کی گئی۔
قرارداد میں بھارت کے5اگست کے اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں محاصرے اور کرفیو کے خاتمے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔