آزاد کشمیر میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے دی گئی احتجاجی کال عوام نے یکسر مسترد کر دی۔ ذرائع کے مطابق احتجاجی کال کے باوجود تمام بڑے شہروں میں بازار اور کاروباری مراکز کھلے رہے جبکہ زندگی معمول کے مطابق رواں دواں رہی۔

راولاکوٹ، چناری، شاردہ نیلم، مظفرآباد اور دیگر شہروں میں دکانیں کھلی رہیں اور شہری اپنے روزمرہ کے کاموں میں مصروف رہے۔ اس موقع پر کسی بھی قسم کے ہنگامہ آرائی یا توڑ پھوڑ کے واقعات پیش نہیں آئے۔ذرائع نے بتایا کہ عوامی ردِعمل نے ثابت کر دیا ہے کہ کشمیری عوام کسی بھی مفاد پرست گروہ کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔ عوام نے پرامن رہ کر یہ پیغام دیا ہے کہ وہ اپنی جان و مال کے تحفظ اور خطے کے امن کو سب سے مقدم سمجھتے ہیں۔

سیکورٹی اداروں کے مطابق عوام کی جان و مال کا تحفظ ان کی اولین ترجیح ہے اور کسی کو بھی اپنے مذموم عزائم کے تحت عوامی املاک کو نقصان پہنچانے یا معمولاتِ زندگی کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ادھر مبصرین کا کہنا ہے کہ احتجاجی کال کی ناکامی اس امر کی غمازی کرتی ہے کہ کشمیری عوام انتشار نہیں بلکہ ترقی، امن اور استحکام چاہتے ہیں۔

Shares: