مقبوضہ کشمیر میں کرونا کے مریضوں کی تفصیلات دی جائیں،پاکستان کا بھارت سے مطالبہ

مقبوضہ کشمیر میں کرونا کے مریضوں کی تفصیلات دی جائیں،پاکستان کا بھارت سے مطالبہ
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے بھارت سے مقبوضہ کشمیر میں کرونا وائرس کے حوالہ سے تفصیلات کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے، ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کرونا کی صورت حال پر تشویش ہے، بھارتی حکومت تفصیلات فراہم کرے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ضروری سپلائی یقینی بنائے،بھارت کورونا پھیلاؤ کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاون ختم کرے،مقبوضہ کشمیر میں کورونا کی وجہ سے سخت تشویش ہے،وزارت خارجہ میں کرونا کے سلسلے میں خصوصی سیل قائم ہے جو سفارت خانوں سے رابطے میں ہے، دفتر خارجہ میں چوبیس گھنٹے کی ہیلپ لائن بھی قائم کر دی گئی ہے، پاکستانی سفارت خانوں نے کمیونٹی کی رہنمائی کے لیے فوکل پرسنز بھی مقرر کر دیے ہیں.واک ان قونصلر سروسز وزارت خارجہ نے بند کردی ہیں،تمام شہریوں سے کہا گیا ہے کہ حفاظتی اقدامات پرعمل کریں،

ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے وفاقی وزرا کے ہمراہ چین کا دورہ کیا، چین میں 2 معاہدوں پر دستخط ہوئے، چین اور پاکستان نے مشکل وقت میں ساتھ کھڑے ہونے کے عزم کا اظہار کیا، صدر اور وزیر خارجہ نے ووہان میں موجود طلبہ کے ساتھ بھی ویڈیو لنک پر رابطہ کیا۔

واضح رہے کہ سرینگر مقبوضہ جموں و کشمیر میں کرونا وائرس کا ایک مریض سامنے آیا ہے جس کے بعد انتظامیہ نے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر تمام امتحانات ملتوی کر دیے ہیں۔جنوبی ضلع اننت ناگ اور بارہمولہ میں دفعہ 144 نافذکردی گئی۔ پولیس نے ضلع کشتواڑ میں افواہ پھیلانے پر ایک شخص کوگرفتارکر لیا ۔جموں میں تمام مذہبی مقامات پر جمع ہونے پر پابندی لگا دی گئی ہے

جموں اور لداخ کے بعد اب سرینگر میں بھی کورونا وائرس کے ایک مثبت کیس کی تصدیق ہوئی ہے۔جموں و کشمیر انتظامیہ کے پرنسپل سکریٹری روہت کونسل نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سرینگر کے خانیار علاقے میں کورونا وائرس کا پہلا کیس مثبت پایا گیا۔ یہ شخص 16 مارچ کو بیرون ملک کا سفر کر کے آیا تھا جس کے بعد انہیں آئسولیشن واڈ میں رکھا گیا ۔سرینگر کے ضلعی مجسٹریٹ شاہد اقبال چودھری اور میئر جنید متو نے بھی ٹوئٹ کے ذریعے اس بات کی تصدیق کی ہے۔

سرینگر کے میئر جنید متو نے لکھا ہے کہ میں تمام مقامی لوگوں سے گذارش کرتا ہوں کہ وہ کل صبح سے ہی اپنے گھروں میں رہیں ۔پونچھ میں بازار بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اور اس کے لیے تمام چوک چوراہوں پر باضابطہ مائک لگا کر اعلانات کرائے جارہے ہیں۔کشمیر یونیورسٹی میں حکام نے تمام انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ امتحانات جبکہ جے کے بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے دسویں اور بارہویں جماعت 31 مارچ تک ملتوی کردیئے ہیں۔

Comments are closed.