لاہور( )مرکزی مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل سیف اللہ خالد نے کہا ہے کہ حکومتی اور اپوزیشن جماعتیں کشمیر پاکستان کی شہ رگ والے موقف پر کاربند ہوں ، ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملکی مفاد کیلئے سوچنا ہو گا۔ کشمیر ہمارے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔ مظلوم کشمیریوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے.

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میں پاک لائرز فورم کے زیر اہتمام وکلاء کشمیر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا. سیمینار کی صدارت صدر گجرات بار محمد منیر گوندل نے کی،سیمینار میں ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک بھی شریک ہوئے اور خطاب کیا.سیف اللہ خالد کا کہنا تھا کہ کشمیر کو بانی پاکستان نے شہہ رگ کہا تھا، مسئلہ کشمیر پر خاموشی اختیار کرنے والا رویہ درست نہیں ہے۔مسئلہ کشمیر سازش کے تحت پس منظر میں دھکیلا جاتا ہے۔پانچ فروری کوہی صرف یکجہتی کشمیر کے نعرےلگانا کافی نہیں بلکہ عملی اقدامات کرنے ہوں گے. حکومت پاکستان کشمیر کی آزادی کے لئے روڈ میپ دے اور تماشائی کا کردار ادا نہ کرے۔ایسی پالیسی دے جو حکومت کی تبدیلی کی وجہ سے تبدیل نہ ہو ۔

سیف اللہ خالد کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر کو پاکستان کی سیکورٹی کے ساتھ منسلک کیا جائے،کشمیر پر قراردادوں کی کمی نہیں ،الماریاں بھری پڑی ہیں عملی طور پر کچھ کیا جائے.کشمیر کی آزادی سے ہی تکمیل پاکستان ہو گی.کشمیر محض انسانی حقوق ، پانی اور سی پیک کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ کشمیر ہماری بنیاد اور نظریاتی اساس کا مسئلہ ہے۔ کشمیریوں کی تحریک میں پاکستانی قوم ان کے ساتھ ہے۔

Shares: