کراچی: حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ سیاسی اختلافات کے باوجود ہمیں آج یکجہتی اور اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہر فرد کو سیاسی اختلاف کا احترام کرنا چاہیے لیکن وقت کی ضرورت ہے کہ سب مل کر ایک ہو جائیں۔

مشعال ملک نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے 2019 میں کشمیریوں کے خلاف ایسے اقدامات کیے جو ڈیتھ وارنٹ کے مترادف ہیں۔ انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کے حوالے سے کہا کہ قائداعظم نے کشمیریوں کو اپنی شہہ رگ قرار دیا تھا، اس لیے کشمیریوں کی آزادی ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے حریت رہنما یاسین ملک کو پھانسی دینے کی سازش کی جا رہی ہے، لیکن کشمیریوں کو معلوم ہے کہ آزادی کی قیمت کیا ہوتی ہے اور وہ اپنی آزادی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ مشعال ملک نے کہا کہ آج بھی وہی مودی اور آر ایس ایس بھارت میں حکمرانی کر رہے ہیں جنہوں نے گاندھی جی کو قتل کیا تھا۔

مشعال ملک نے بھارت کی پالیسیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ بھارت سرینگر میں دہلی سے حکومت چلانا چاہتا ہے، جس کی وجہ سے کشمیری عوام پر ظلم و جبر کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے حوالے سے کہا کہ پہلگام میں بغیر کسی ٹھوس ثبوت کے پاکستان پر الزام تراشی کی گئی اور بھارت بار بار فالس فلیگ آپریشنز کرتا رہتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں بھارت کے دہشتگرد نیٹ ورکس پکڑے جاتے ہیں، جو بھارت کی اصل روایات کو بے نقاب کرتے ہیں۔ مشعال ملک نے کہا کہ مودی کی حکومت کا ہر آزادی پسند کو دہشتگرد قرار دینے کا شوق ہے، اور وہ مقبوضہ کشمیر کے لاکھوں کشمیریوں کو بھارتی شہریت دے کر وہاں کے اصل مسلمان آبادی کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

مشعال ملک نے کہا کہ پاکستان نے معرکہ حق میں اللہ کی مدد سے کامیابی حاصل کی ہے اور دہشتگردی کے واقعات میں بھارت کا براہ راست ہاتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل نے ایران اور اسرائیل کے درمیان سیز فائر کے معاملات میں کردار ادا کیا جو خطے کے امن کے لیے اہم ہے۔

Shares: