کشمور: 7 اسلحہ سمگلرز گرفتار، ڈاکوؤں کو سپلائی ہونے والا اسلحہ برآمد

کندھ کوٹ(باغی ٹی وی ،نامہ نگارمختیاراحمد اعوان)کشمور پولیس نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے کچے کے علاقے میں اسلحہ کی بڑی اسمگلنگ ناکام بنادی۔ اس کارروائی کے دوران سات بین الصوبائی اسلحہ اسمگلرز کو گرفتار کیا گیا اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں غیر قانونی اسلحہ برآمد ہوا۔ پولیس ٹیم نے ایس ایس پی کشمور بشیر احمد بروھی کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اے ایس پی کندھکوٹ محمد نعمان ظفر اور اے ایس پی کشمور محمد عاشر کی سربراہی میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔

پولیس نے ہیبت روڈ پر ناکہ بندی کے دوران اسمگلنگ میں استعمال ہونے والا ایک ٹرک قبضے میں لیا جس سے 12,000 گولیاں، 4 جی تھری رائفلز، 4 ایس ایم جی رائفلز، ایک ایم فور اے ون رائفل، 2 پسٹلز اور متعدد میگزینز برآمد کیے گئے۔ گرفتار ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ خیبرپختونخوا سے پنجاب اور سندھ کے کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کو اسلحہ فراہم کرتے ہیں۔

ملزمان کے خلاف تھانہ اے سیکشن کندھکوٹ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ ان کے مجرمانہ ریکارڈ کی چھان بین اور مزید تفتیش جاری ہے۔ ترجمان کشمور پولیس کے مطابق یہ کارروائی غیر قانونی اسلحہ کی روک تھام اور امن و امان کی بحالی کے سلسلے میں ایک بڑی کامیابی ہے۔

Comments are closed.